آخری پیغمبر ﷺ کو جانئے» ذاتی اور صفاتی ناموں سے تعارف:
حدیث نمبر 1
حضرت جبیر بن مطعم ؓ نے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا:
إِنَّ لِي أَسْمَاءً: أَنَا مُحَمَّدٌ، وَأَنَا أَحْمَدُ، وَأَنَا الْمَاحِي الَّذِي يَمْحُو اللهُ بِيَ الْکُفْرَ، وَأَنَا الْحَاشِرُ الَّذِي يُحْشَرُ النَّاسُ عَلٰی قَدَمَيَّ، وَأَنَا الْعَاقِبُ،
(الَّذِي لَيْسَ بَعْدَهُ نَبِيٌّ)
ترجمہ:
"بیشک میرے (کچھ) نام ہیں: میں محمد ہوں، میں احمد ہوں، میں ماحی (مٹانے والا) ہوں جس کے ذریعے اللہ کفر کو مٹا دے گا، میں حاشر (جمع کرنے والا) ہوں جس کے قدموں پر لوگ (قیامت کے دن) جمع ہوں گے، اور میں عاقب (سب سے آخر میں آنے والا / خاتم) ہوں۔"
[صحیح بخاری:4896، صحیح مسلم:2354]
جس کے بعد کوئی نبی نہیں۔
[سنن الترمذي:2840، الشريعة للآجري:1013]
وَقَدْ سَمَّاهُ اللهُ رَءُوْفًا رَحِيْمًا.
ترجمہ:
اور اللہ تعالیٰ نے آپ کا اسمِ گرامی رؤف اور رحیم رکھا ہے۔
[صحیح مسلم:2354، صحیح ابن حبان:6313، المعجم الکبير للطبراني:1525]
بڑی حکمت والے قرآن سے شواھد:
*(1)محمد...یعنی قابلِ تعریف...خوبیوں والا۔*
القرآن:
"محمد" اللہ کے رسول(یعنی اللہ کا پیغام پہنچانے والے) ہیں...
[سورۃ الفتح: آیت نمبر 29]
اور نہیں ہیں "محمد" ﷺ (لافانی/خدا) مگر ایک رسول ہی ہیں، ان سے پہلے بھی بہت سے رسول گزر چکے(یعنی قتل/فوت ہوچکے) ہیں...
[سورۃ آل عمران، آیت نمبر 144]
*(2)احمد...یعنی سب سے زیادہ تعریف کرنے والا...اللہ کی خوبیاں بیان کرنے اور خامیوں سے پاک ہونا بیان کرنے والا۔*
القرآن:
اور میں (پیغمبر عیسیٰ علیہ السلام) ایک رسول کی بشارت دینے والے ہوں جو میرے بعد آئے گا، اس کا نام "احمد" ہے۔
[سورۃ الصف:6](یوحنا:16)
*(3)ماحی...مٹانے والا*
القرآن:
اللہ نے بھیجا اپنے رسول(محمد ﷺ) کو ہدایت اور سچے دین کے ساتھ...تاکہ وہ "غالب" کرے اس(دین) کو تمام دوسرے دین پر...
[سورۃ التوبہ:33، الفتح:28، الصف:9]
اور کہہ دو کہ حق آگیا اور باطل مٹ گیا، بے شک باطل تو مٹنے والا ہی ہے۔
[سورۃ الإسراء: 81]
*(4)حاشر...جمع/اکٹھا کرنے والا...جس کے قدموں پر لوگ بروزِ قیامت(شفاعت یا کوثر کیلئے) جمع کئے جائیں گے۔*
القرآن:
اور (اے پیغمبر) تم اس وحی کے ذریعے ان لوگوں کو خبردار کرو جو اس بات کا خوف رکھتے ہیں کہ ان کو ان کے پروردگار کے پاس ایسی حالت میں "جمع" کر کے لایا جائے گا کہ اس کے سوا نہ ان کا کوئی یارومددگار ہوگا، نہ کوئی سفارشی تاکہ وہ لوگ تقوی اختیار کرلیں۔
[سورۃ الأنعام:51 (الفرقان:33-34)]
اے ایمان والو ! الله اور رسول کی دعوت قبول کرو، جب رسول تمہیں اس بات کی طرف بلائے جو تمہیں (پاک/عمدہ)زندگی بخشنے والی ہے۔ اور یہ بات جان رکھو کہ الله انسان اور اس کے دل(میں گناہ کے وسوسے) کے درمیان آڑ(روک) بن جاتا ہے۔ اور یہ کہ تم سب کو اسی کی طرف "اکٹھا" کر کے لے جایا جائے گا۔
[سورۃ الأنفال:24]
*(5)عاقب...یعنی آخری/جانشین...جس کے بعد کوئی پیغمبر نہیں۔*
القرآن:
(مسلمانو !) محمد ﷺ تم مردوں میں سے کسی کے باپ نہیں ہیں، لیکن وہ الله کے رسول ہیں، اور تمام نبیوں میں سب سے آخری نبی ہیں، اور الله ہر بات کو خوب جاننے والا ہے۔
[سورۃ الأحزاب:40]
(6) رؤف اور رحیم...بہت مہربان اور خوب رحم کرنے والے۔
"وہ(محمد) تمہاری بھلائی کے نہایت چاہنے والے، مسلمانوں پر بہت مہربان، رحمت فرمانے والے ہیں۔"
[سورہ التوبہ: 128]