مسجد حرام میں مشہور کنویں کا نام زمزم ہے جو بیت اللہ سے اڑٹیس 38 ہاتھ کی مسافت پر واقع ہے، یہ وہی کنواں ہے جو ابراھیم علیہ السلام کے بیٹے اسماعیل علیہ السلام کی تشنگی ختم کرنے کے لیے اللہ تعالی نے نکالا گیا تھا جب کہ وہ ابھی دودھ پیتے اورماں کی گود میں تھے۔
جب ان کے پاس کھانا پینا ختم ہوا تو ھاجرہ رضي اللہ تعالی عنہا نے پانی کی تلاش کی لیکن انہیں کچھ حاصل نہ ہوا توبالاخر وہ اسماعیل علیہ السلام کے لیے اللہ تعالی سے دعا کرتی ہوئيں کوہ صفا پرجاچڑھیں پھر مروہ پرتشریف لے گئيں تواللہ تعالی نے جبریل امین علیہ السلام کوبھیجا جنہوں نے اپنے پاؤں کی ایڑی ماری توزمین سے پانی نکل آیا ۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما فرماتے ہیں کہ عورتوں نے سب سے پہلے جن سے کمر بند ڈالنا سیکھا وہ حضرت اسمعیل علیہ السلام کی والدہ ماجدہ تھیں۔ انہوں نے حضرت سارہh سے اپنے نشانات چھپانے کی غرض سے کمر بند ڈالا تھا۔ پھر حضرت ابراہیم علیہ السلام انہیں اور ان کے صاحبزادے حضرت اسمعیل علیہ السلام کو لے آئے اور وہ انہیں دودھ پلاتی تھیں۔ ان دونوں کو بیت اللہ کے قریب مسجد کے اوپر والی جانب زمزم کی جگہ چھوڑ گئے۔ اس وقت مکہ مکرمہ میں ایک بھی آدمی آباد نہ تھا اور ان کے نزدیک پانی بھی نہ تھا۔ ان دونوں کو ایسی جگہ چھوڑا گیا۔ ان کے پاس ایک تھیلے میں کھجوریں اور ایک مشکیزے میں پانی تھا۔ پھر حضرت ابراہیم علیہ السلام واپس لوٹنے لگے تو حضرت اسمعیل علیہ السلام کی والدہ ماجدہ نے ان کا پیچھا کیا اور کہنے لگیں، اے ابراہیم! آپ ایسی وادی میں ہمیں چھوڑ کر جس کے اندر کوئی انسان یا چیز نہیں، کہاں جارہے ہیں؟ انہوں نے کئی مرتبہ یہ الفاظ دہرائے، لیکن انہوں نے ان کی جانب مڑ کر نہیں دیکھا بلکہ صرف یہی فرمایا: مجھے اللہ تعالیٰ نے یہی حکم دیا ہے۔ کہنے لگیں، یہ بات ہے تو وہ ہمیں ضائع نہیں ہونے دے گا۔ حضرت ابراہیم علیہ السلام لوٹ گئے اور چلتے رہے، یہاں تک کہ ثنیہ کے مقام پر پہنچے جہاں سے وہ انہیں دیکھ نہیں سکتے تھے تو بیت اللہ کی جانب منہ کر کے، دونوں ہاتھ اٹھا کر، ان لفظوں میں دعا کی: اے ہمارے رب! میں نے اپنی کچھ اولاد ایک نامے میں بسائی ہے جس میں کھیتی نہیں ہوتی (ابراہیم : 37) یہاں تک کہ وہ شکرگزاری کو پہنچیں۔ حضرت اسماعیل علیہ السلام کی والدہ انہیں دودھ پلاتی تھیں اور اسی پانی سے پیتی پلاتی رہیں، یہاں تک کہ مشکیزے کا پانی ختم ہوگیا، جس کے باعث انہیں اور ان کے لخت جگر کو پیاس محسوس ہوئی۔ انہوں نے دیکھا کہ بچہ پیاس سے تڑپ رہا ہے یا فرمایا ایڑیاں رگڑ رہا ہے۔ وہ اس منظر کی تاب نہ لاتے ہوئے پانی کی تلاش میں نکل کھڑی ہوئیں قریب ہی صفا پہاڑ تھا اس پر چڑھ کر وادی کی جانب نظر دوڑائی کہ کوئی نظر آئے لیکن نظر کوئی نہ آیا۔ پس یہ صفا سے اتر آئیں اور وادی میں آکر، دامن سمیٹ کر یوں دوڑیں جیسے کوئی سخت مصیبت زدہ آدمی دوڑتا ہے، یہاں تک کہ وادی کو طے کرلیا اور مروہ پہاڑی پر پہنچیں تو اس پر کھڑی ہوکر نظر دوڑائی کہ کوئی نظر آئے لیکن نظر کوئی نہ آیا۔ پس یہی عمل انہوں نے سات مرتبہ کیا۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم نے فرمایا کہ اسی لیے لوگوں کو ان دونوں پہاڑیوں کے درمیان دوڑنا پڑ تاہے۔ جب یہ (آخری مرتبہ) مروہ پہاڑی پر چڑھیں تو انہوں نے ایک آواز سنی اور ان کے دل میں خیال آیا کہ اس کو سننا چاہیئے۔ چنانچہ انہوں نے کان لگا کر سنا، پھر کہنے لگیں: تو نے آواز تو سنائی لیکن کاش! تیرے پاس کوئی آڑے وقت میں مدد کرنے والا بھی ہوتا:
فَإِذَا هِيَ بِالْمَلَکِ عِنْدَ مَوْضِعِ زَمْزَمَ فَبَحَثَ بِعَقِبِهِ أَوْ قَالَ بِجَنَاحِهِ حَتَّی ظَهَرَ الْمَاءُ فَجَعَلَتْ تُحَوِّضُهُ وَتَقُولُ بِيَدِهَا هٰـکَذَا وَجَعَلَتْ تَغْرِفُ مِنَ الْمَاءِ فِي سِقَائِهَا وَهْوَ يَفُورُ بَعْدَ مَا تَغْرِفُ قَالَ ابْنُ عَبَّاسٍ رضی الله عنهما قَالَ النَّبِيُّ صلی الله عليه وآله و سلم يَرْحَمُ اﷲُ أُمَّ إِسْمَاعِيلَ لَوْ تَرَکَتْ زَمْزَمَ أَوْ قَالَ لَوْ لَمْ تَغْرِفْ مِنَ الْمَاءِ لَکَانَتْ زَمْزَمُ عَيْنًا مَعِينًا.
اسی دوران انہوں نے زمزم کے مقام پر ایک فرشتے کو دیکھا، تو اس نے اپنی ایڑی ماری یا فرمایا کہ پر مارا، یہاں تک کہ پانی نکلنے لگا: وہ حوض کی شکل (ریت مٹی سے) بنا کر اسے روکنے لگیں اور پانی میں سے چلو بھر بھر کر اپنے مشکیزے میں ڈالنے لگیں۔ اس کے بعد پانی زمین سے ابلنے لگا۔ ابن عباس رضی اللہ عنہما کہتے ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ و سلم نے فرمایا: اللہ تعالیٰ حضرت اسمعیل علیہ السلام کی والدہ پر رحم فرمائے، اگر انہوں نے زمزم کو کھلا چھوڑ دیا ہوتا یا فرمایا کہ چلو نہ بھرے ہوتے تو زمزم ایک جاری رہنے والا چشمہ ہوتا۔
[صحيح بخاري:3362-3365 (3184، بيروت، لبنان: دار ابن کثير اليمامة)]
آج تک کی تحقیقات سے پتا چلتا ہے کہ کوئی چشمہ ساٹھ ستر سال سے زیادہ عرصہ تک جاری نہیں رہتا مگر حضرت ابراہیم خلیل اللہ کو آج سے پانچ ہزار سال قبل اللہ کی طرف سے یہ حکم دیا گیا کہ وہ اپنی بیوہ ھاجرہ اور بیٹے اسماعیل کو مکہ کی بے آب وگیاہ وادی میں چھوڑ دیں۔
پانی کا یہ کنواں تیس میٹر گہرا ہے جس میں پانی کی سطح زیادہ سے زیادہ 18.5 لیٹر اور کم سے کم 11 لیٹر بتائی جاتی ہے۔ جب حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہما السلام نے یہاں پر اللہ کے پہلے گھرکی بنیاد رکھی تو یہ چشمہ اس وقت موجود تھا۔
حرمین الشریفین کے امور کے ماہر محی الدین الھاشمی کہتے ہیں کہ زمزم کا دشمہ اس وقت پھوٹا جب حضرت ابراہیم علیہ السلام نے حکم خدا وندی کے تحت اپنی زوجہ ہاجرہ اور بیٹے اسماعیل کو مکہ مکرمہ کی اس چٹیل میدان وادی میں چھوڑنے کا حکم دیا۔
حضرت ہاجرہ کے پاس جب کھانا اور پانی ختم ہوگیا تو انہوں نے صفا اور مرہ کی پہاڑیوں کے درمیان پانی کی تلاش میں چکر لگانا شروع کردیے۔ اس دوران حضرت جبریل امین تشریف لائے اور انہوں نےاللہ کے حکم سے حضرت اسماعیل علیہ السلام کی ایڑیوں کےنیچے سے پانی کا ایک چشمہ جاری کیا۔ حضرت ہاجرہ نے بچے کو اس چشمے سے پانی پلایا اور خود بھی پی کر پیاس بجھائی۔
زمزم کے پانی کے حوالے سے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کی کئی احادیث بھی مروی ہیں۔ ایک حدیث میں آپ علیہ السلام نے فرمایا کہ ’اللہ ام اسماعیل پر رحمت نازل کرے اگر وہ انہیں کچھ دیر اور وہاں چھوڑ دیتیں تو ایک بڑا چشمہ نکلتا‘ یا آپ نے فرمایا کہ ’ایک معین دریا بہہ پڑتا‘۔
تجزیہ نگار محی الدین ہاشمی کے بہ قول جب حضرت ابراہیم اور حضرت اسماعیل علیہ السلام کی مکہ میں آمد ہوئی تویہ برکتوں والی سرزمین بن گیا۔ اطراف و اکناف میں قبائل کی بڑی تعداد یہاں منتقل ہونا شروع ہوگئی۔ جب حضرت ابراہیم نے یہاں پر اللہ کا پہلا گھر تعمیر کیا اس کی اہمیت اور بھی بڑھ گئی۔ مکہ مکرمہ جزیرۃ العرب اور شام کے درمیان ایک تجارتی مرکز کی حیثیت اختیار کرگیا۔
مرور وقت کے ساتھ کچھ عرصے کے لیے بئر زم زم کا پانی خشک ہوگیا۔ حضرت محمد صلی اللہ علیہ وسلم کے جد امجد عبدالمطلب نے ایک خواب دیکھا جس میں انہیں کنوئیں کو دوبارہ کھودنے کا حکم دیا گیا تھا۔ انہوں نے یہ کنواں دوبارہ کھودا اور پانی پھر نکل آیا۔ آج تک یہ چشمہ جاری ہے اور ہرسال حجاج کرام اور ہر روز عازمین عمرہ اس سے استفادہ کرتے ہیں۔ حجاج ومعتمرین کے لیے السقایہ اور الرفادہ کی ذمہ دار آل عبدالمطلب ہی کے پاس ہے۔
محی الدین الھاشمی نے العربیہ ڈاٹ نیٹ سے بات کرتے ہوئے کہا کہ بئر زم زم میں پانی تین مقامات سے آتا ہے۔ یہ پتا چلا ہے کہ اس کنوئیں میں حجر اسود، جبل ابو قیس اور المکبریہ کی سمتوں سے جمع ہوتا ہے۔
زمز زم کنوئیں کو محفوظ بنانے کے لیے اس کے ارد گرد ایک عمارت بنائی گئی ہے۔ مطاف کے وسط میں یہ کئی منزلہ عمارت ہے۔ کنوئیں کے اطراف میں ایک جالی بھی لگائی گئی ہے۔ اس کنوئیں کا ایک پرانا ڈول جس پر 1299ھ کی تاریخ تحریر ہے حرمین شریفین عجائب گھر میں موجود ہے۔
سنہ 1377ھ میں مطاف کی توسیع کے لیے زمزم کی عمارت مسمارکردی گئی تھی اور اس کی جگہ صحن مطاف میں ایک راستہ بنایا گیا تھا۔ حالیہ توسیع میں یہ راستہ بھی ختم کردیا گیا ہے۔
بئر زم زم کے کنوئیں کو سنہ 1400ھ میں شاہ خالد مرحوم کے حکم پر صاف کیا گیا تھا۔ سنہ 2010ء میں شاہ عبداللہ بن عبدالعزیز نے زم زم کے پانی کو صاف اور محفوظ کرنے کے لیے 700 ملین ڈالر کےمنصوبے کی منظوری دی۔ اس منصوبے کے تحت مسجد حرام سے ساڑھے چار کلو میٹر دور زمزم کارخانہ قائم کیا گیا۔
اس کارخانے میں زم زم کے پانی کو ذخیرہ کیا جاتا ہے۔ 13 ہزار 405 مربع میٹر پر بنائی گئی اس عمارت میں یومیہ دو لاکھ گیلن زم زم زخیرہ کیا جاتا ہے جسے حرم مکی میں استعمال کیا جاتا ہے۔
زم زم کے پانی کو ٹینکروں کی مدد سے مدینہ منورہ بھیجا جاتا ہے۔ مسجد حرام میں زم زم کے پانی کو ٹھنڈہ رکھنے کا معقول انتظام ہے۔ پانی کو محفوظ بنانے کے لیے سات ہزار پوائٹنس بنائے گئے ہیں۔
زمزم ۔۔۔۔ فضیلت، اہمیت اور فوائد
دنیا کے اندر پانی کی اور بھی بہت ساری اقسام ہیں، مگر باری تعالیٰ نے ان تمام پر ’’زمزم ‘‘کو ایسی فوقیت دی ہے اور ایسی برتری بخشی ہے جو کسی اور پانی کو نہیں بخشی۔ عام پانی کے پینے کا کوئی خاص اہتمام نہیں کیا جاتا ہے اور نہ کسی پانی کو برکت کی اُمید سے پیا جاتا ہے، مگر زمزم پینے کے لیے خاص اہتمام کیا جاتا ہے اور برکتوں کی اُمید سے پیا جاتا ہے۔ اسی طرح عام پانی کو ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل کرنا بارِ گراں سمجھتے ہیں، جبکہ زمزم کو عشق و وارفتگی کے ساتھ شہروں شہروں حجاج کرام اپنے ساتھ لے جاتے ہیں اور یہ درحقیقت سنتِ رسول صلی اللہ علیہ وسلم ہے کہ آپ صلی اللہ علیہ وسلم بھی یہ منتقل کرتے تھے۔(۱) گویا حجاج اسے اپنے لیے بہترین تحفہ سمجھتے ہیں، اسی لیے اقبال مرحوم نے کہا تھا:
زائرینِ کعبہ سے اقبال یہ پوچھے کوئی
کیا حرم کا تحفہ زمزم کے سوا کچھ بھی نہیں؟
زم زم کی تعریف وپس منظر
زمزم یہ اسمِ علم ہے اور یہ اس کنویں کے لیے بولا جاتا ہے جو مکہ مکرمہ میں مسجدِ حرام کے وسطی حصے میں واقع ہے۔(۲)
لغوی اعتبارسے زم زم کے معنی ہیں: ’’رُک جا، رُک جا‘‘ اسی طرح بڑی مقدار کے پانی کو بھی زمزم کہا جاتا ہے۔(۳) جبکہ حضرت قتیبہؒ کہتے ہیں کہ پانی کی آواز کو بھی زم زم کہتے ہیں۔(۴)
’’معجم البلدان‘‘ اور ’’لسان العرب‘‘ وغیرہ میں اس کے اکیس نام اور بھی مذکور ہیں، جن میں چند درج ذیل ہیں: (۱) ہزمۃ الملک (۲) ھي سقیا اللہ لإسماعیل (۳) ہزمۃ جبرئیل (۴) الشباعۃ شراب الأبرار اور طیبۃ وغیرہ،(۵) جبکہ البحر العمیق میں ان اکیس ناموں کے علاوہ تیئیس اور بھی مذکور ہیں، جن میں سے چند یہ ہے: (۱) طاہرۃ، (۲) زمازم، (۳) عاصمۃ، (۴) سالمۃ، (۵) صافیۃ، (۶) ظاہرۃ، (۷) عافیۃ اور مبارکۃ وغیرہ۔
پس منظر
حضرت ابراہیم علیہ السلام کی بمع اہل وعیال مکہ مکرمہ میں ہجرت کرنے سے قبل یہ جگہ (جہاں آبِ زم زم کا کنواں ہے) ایسی وادی تھی کہ چاروں طرف پہاڑوں کے سوا کچھ نہ تھا، مگر جب اللہ تعالیٰ نے اس جگہ اس سرزمین میں اپنے حرم اور مرکزِعبادت و رشد و ہدایت کے دوبارہ قیام کا ارادہ فرمایا تو حضرت خلیل علیہ السلام کو حکم دیا کہ اپنے لختِ جگر اور اپنی زوجہ محترمہ کو لے کر اس وادیِ غیر ذی زرع کی طرف ہجرت کر جائیں، حکم کے امتثال میں حضرت ابراہیم علیہ السلام نے دو افراد پر مشتمل اپنے خاندان کو لا بسایا اور ساتھ لایا ہوا توشہ اور اور حضرت باجرہ واسماعیلn کو چھوڑ کر واپس تشریف لے گئے۔ جب زادِ سفر ختم ہوا تو ننھے اسماعیلؑ پیاس کی شدت سے تڑپنے لگے، ماں کی مامتا سے یہ منظر دیکھا نہ گیا اور پانی کی تلاش میں سرگرداں ہو گئیں، صفا کی بلندیوں پر چڑھیں، پانی نہ ملا، پھر اُتریں اور دوسری جانب کچھ اس انداز اور روش سےچلیں کہ مُنّا نظروں سے اوجھل نہ ہو، مروہ کی طرف چلتے ہوئے نشیب میں اسماعیل علیہ السلام آنکھوں سے اوجھل ہوئے تو ہاجرہ p نے اس فاصلہ کو د وڑ کر طے کیا، کل کی وہ ہاجرہ کی دوڑ ہی آج کی سعی ہے۔ مروہ پر چڑھ کر بھی کہیں پانی نہ ملا، بے قراری کی اس حالت میں صفا مروہ پر سات مرتبہ چڑھنااُترنا ہوا، ساتویں چڑھائی تھی کہ کچھ آواز سنائی دی، آہٹ پر جب نظر گئی، دیکھا کہ حضرت اسماعیل علیہ السلام کے پا س ایک فرشتہ موجود ہے، دوڑ کر آئیں تو جبرائیل امین علیہ السلام نے تسلی کے کلمات ارشاد فرمائے اور پھر اپنا ’’پَر‘‘ زمین پر مارا تو ایک چشمہ نمودار ہوا، ایک طرف جگر گوشے کی پیاس کی وجہ سے تڑپنے نے ممتا کا کلیجہ پھاڑ رکھا تھا اور دوسری طرف پانی ملنے کی خوشی نے حضرت ہاجرہ p کو فرحت کے وہ فردوس دکھائے کہ بے جان پانی کو مخاطب کیا، گویا اماں بزبان حال کہہ رہی تھیں کہ ماں کی ممتا دیکھ کر تو اُبل بڑا، اتنا ترس کھایا، ۔۔۔۔۔ حضرت ہاجرہ علیہا السلام نے زم زم کہتے ہوئے باڑھ بنائی، پانی جمع کرکے مشکیزہ بھرا اور جی بھر کر اپنے لعل کو بھی پلایا اور خود بھی سیراب ہوئیں۔(۶)
فضائل و فوائد
زمزم کا پانی ہمیشہ سے محترم ومقدس سمجھا جاتا رہا ہے، اس سے برکت حاصل کرنے کے لیے زائرین نہ صرف اسے پیتے ہیں، بلکہ بطور تبرّک اپنے ساتھ لے کر بھی جاتے ہیں اور تقسیم کرتے ہیں۔ ترمذی شریف میں حضرت عروۃ بن زبیر رضی اللہ عنہ سے اماں عائشہ رضی اللہ عنہا کے متعلق مروی ہے کہ: ’’أنّہا کانت تحمل من ماء زمزم وتخبر أنّ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلّم کان يحملہ۔‘‘(۷) یعنی جب اماں عائشہ رضی اللہ عنہا مدینہ منورہ لوٹتی تھیں تو زمزم ساتھ لے جاتی تھیں اور فرماتی تھیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم بھی زمزم ساتھ لے جاتے تھے۔
کعبہ شریفہ چونکہ اہلِ اسلام کا قبلہ ہے، اس لیے حج اور زیارت کے موقع پریہ ان لوگوں کی ضیافت کا بہترین ذریعہ ثابت ہوتا ہے۔ اپنی روحانی برکتوں کے علاوہ آبِ زم زم دنیا کا بہترین پانی ہے جو بھوک اور پیاس میں یکساں مفید ہے، اور اس وادی غیر ذی زرع میں آبسنے والے ان دو پاکیزہ نفوس کی جو حقیقت میں اللہ تعالیٰ کے مہمان تھے اور زمزم کی نعمت غیر متوقع اور غیر مترقبہ مل گئی تھی، ان کی واحد کفیل تھی، یعنی پیاس میں زمزم سے سیرابی بھی اور بھوک میں زمزم ہی سے سیر شکمی ہوتی تھی ۔
مسلم شریف میں ابوذر رضی اللہ عنہ کی روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: زمزم کا پانی کھانے کے قائم مقام ہے اور بیماری کی دوا ہے۔ (۸)
اور حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے احمد بن حنبلؒ بیان کرتے ہیں کہ: زمزم کا پانی جس غرض سے پیا جائے مفید ہے۔(۹) اور امام ابن ماجہؒ نے بھی یہ حدیث عبد اللہ بن مؤملؓ کے حوالے سے ذکر کی ہے: ’’ماء زمزم لما شرب لہ۔‘‘(۱۰)
حاکم نےابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی ہے کہ انہوں نے کسی آدمی کو کہا کہ جب تو زمزم کا پانی پیے تو کعبہ کی طرف رخ کرکے اللہ کا نام لے کر تین سانسوں میں خوب پیٹ بھر کر پی، بعد ازاں الحمد للہ کہہ، کیونکہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا: ہمارے اور منافقوں کے درمیان امتیازی شان یہ ہے کہ وہ پیٹ بھر کر آبِ زم زم نہیں پیتے۔(۱۱)
سعید بن مسیبؒ کہتے ہیں کہ جب جناب عبد المطلب نے زمزم کا کنواں کھودا تو اعلان کیا: ’’لا أحلہا لمغتسل، وہي لشارب حلّ وبلّ‘‘ یعنی ’’یا اللہ! میں آبِ زم زم غسل کرنے والوں کے لیے حلال نہیں سمجھتا اور پینےوالوں کے لیے مبا ح ہے۔‘‘(۱۲)
بیماری کے لیے زمزم کا استعمال
حجاج کرام اور معتمرین اسے اپنے ساتھ لاتے، محفوظ کرتے اور بیماریوں کے لیے استعمال کرتے ہیں، چنانچہ یہ عمل بھی پیغمبرِ خدا صلی اللہ علیہ وسلم سے ثابت ہے اور اس بارے میں آپ صلی اللہ علیہ وسلم سے مروی ہے:
’’حملہٗ رسول اللہ صلی اللہ عليہ وسلّم في الأوادي والقری وکان يصبّ علی المرضٰی ويستقيم۔‘‘ (۱۳)
’’آپ صلی اللہ علیہ وسلم اسے اپنے ساتھ مٹکوں میں لاتے اورآپ صلی اللہ علیہ وسلم اسے مریضوں پر ڈالتے اور انہی کو پلاتے تھے۔‘‘
اور ابن عباس رضی اللہ عنہما نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ ارشادنقل کرتے ہیں:
’’خير ماء علی وجہ الأرض ماء زمزم فيہ طعام الطعم وشفاء السقم۔‘‘(۱۴)
’’روئے زمین پر سب سے بہتر پانی زمزم ہے، اس میں غذائیت اور بیماری کی شفا ہے۔‘‘
ان روایتوں اور ان جیسی اور روایتوں سے معلوم ہوتا ہے کہ باقی دوائیوں سےجیسے علاج کرنا مباح اور جائز ہے، زمزم کے ذریعے بھی علاج کرنا صرف مباح نہیں، بلکہ مسنون بھی ہے۔
دنیوی مسائل کے لیے زمزم پینا
زمزم کی افادیت کو اجا گر کرتے ہوئے اپنے ایک اور ارشاد میں فرماتے ہیں :
’’مَاءُ زَمْزَمَ لِـمَا شُرِبَ لَہٗ إِنْ شَرِبْتَہٗ تَسْتَشْفِيْ بِہٖ شَفَاکَ اللہُ ، وَإِنْ شَرِبْتَہٗ لِشِبَعِکَ اَشْبَعَکَ اللہُ بِہٖ ، وَإِنْ شَرِبْتَہٗ لِيَقْطَعَ ظَمَأکَ قَطَعَہُ اللہُ ، وَہِيَ ہَزَمَۃُ جِبْرِيْلَ وَسُقْيَا اللہِ إِسْمَاعِيْلَ۔‘‘ (۱۵)
یعنی ’’زمزم ان تمام مقاصد کے لیے ہے جن کے لیے اسے پیا جاتا ہے، اگر تم اسے شفایابی کے لیے پیوگے تو اللہ تعالیٰ تمہیں شفا نصیب کریں گے، اگر اسے شکم سیری کے لیے پیوگے تو اللہ تعالیٰ شکم سیر کردیں گے، اگر اسے پیاس بجھانے کے لیے پیوگے، اللہ تعالیٰ دور کردیں گے۔ یہ کنواں حضرت جبریل علیہ السلام کا کھودا ہوا ہے، اور یہ حضرت اسماعیل علیہ السلام کے لیے اللہ تعالیٰ کی طرف سے سیرابی کا انتظام ہے۔ ‘‘
اس حدیث کی روشنی میں فقہاء نے وضاحت فرمائی ہے کہ دنیاوی یا اخروی مسائل کو حل کرنے کے لیے آبِ زم زم پینا مسنون ہے۔
شفاء الغرام میں امام تقی الدین فاسیؒ نے لکھا ہے کہ احمد بن عبداللہ شریفی نابینا ہوگئے تھے، انہوں نے ماء زمزم بینائی واپس آجانے کی نیت سے پیا، پس بفضل اللہ آپ کی بینائی لوٹ آئی۔(۱۶)
علامہ ذہبیؒ نے عبد اللہ بن مسلم یا ان کے بیٹے احمد بن عبداللہ ؒ سے نقل کیا ہے، وہ فرماتے ہیں کہ ایک جماعت کے ساتھ حج کے لیے میں گیا، اس جماعت میں ایک فالج زدہ آدمی تھا، میں نے ایک دن دیکھا کہ وہ صحیح سالم ہے اور طواف کررہا ہے اور اس پر فالج کے بالکل آثار نہیں ہیں، پوچھنے پر اس نے بتایا: میں بئر زمزم پر آیا اور زمزم لے کر اپنی دواۃ میں ڈالا اور اس دواۃ کی روشنائی سے بسم اللہ الرحمٰن الرحیم لکھنے کے بعد سورۂ حشر کی آخری تین آیات لکھیں، اور پھر سورۂ اسراء کی آیت ’’وَلَئِنْ شِئْنَا لَنَذْہَبَنَّ بِالَّذِيْ أَوْحَيْنَا إِلَيْکَ ثُمَّ لَا تَجِدُ لَکَ بِہٖ عَلَيْنَا وَکِيْلًا‘‘ (۱۷) لکھی اور پھر میں نے بارگاہِ خداوندی میں عرض کی: اے اللہ! آپ کے نبی محمد صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا ہے: ’’ماء زمزم لما شرب لہٗ‘‘ اور یہ قرآن آپ کا کلام ہے، پس (اس کی برکت سے) عافیت کے ساتھ مجھے شفا عطا فرمادیجئے۔ اور پھر میں نے اسے آبِ زمزم کے ساتھ گھولا اور پی لیا، پس مجھے عافیت مل گئی اور فالج کے مرض سے باِذنِ اللہ نجات مل گئی۔ (۱۸)
ابن قیم رحمہ اللہ اپنا واقعہ ذکر کرتے ہیں کہ مکہ مکرمہ میں مجھ پرایسا وقت گزرا کہ میں مریض تھا، نہ طبیب میسر تھا اور نہ دوا موجود تھی، تو میں آبِ زم زم شفا کی نیت سے پیتا تھا اور ’’إِیَّاکَ نَعْبُدُ وَإِيَّاکَ نَسْتَعِیْنُ‘‘ (۱۹) پڑھتا تھا، پس مجھے مکمل شفا حاصل ہوگئی ۔(۲۰)
ان روایات، فقہاء اور ائمہ کے اس عمل سے معلوم ہوتا ہےکہ زمزم دنیوی مسائل کے حل کے لیے بھی انتہائی مفید اور مسنون عمل ہے۔
اُخروی مسائل کے لیے زمزم کا پینا
بعض صحابہ کرامؓ اور حضرات ائمۂ اُمت سے اخروی مسائل میں آسانی کے لیے زمزم کا پینا ثابت ہے۔ الجوہر المنظم ص:۶۲ پر ’’فضل ماء زمزم‘‘ کے تحت لکھا ہے کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے زمزم پیا اور یوں کہا: ’’اللّٰہم أشربہٗ لظمأ يوم القيامۃ‘‘ یعنی ’’میں اسے قیامت کے دن کی پیاس سے بچنے کی نیت سے پی رہا ہوں۔‘‘ (۲۱)
اسی طرح عبد اللہ بن مبارک رحمۃ اللہ علیہ کے بارے منقول ہے کہ وہ زمزم پیتے وقت یہ کہتے کہ: مجھے یہ حدیث’’ماء زمزم لما شرب لہٗ‘‘ پہنچی ہے۔ اس پر اعتماد کرتے ہوئے اے اللہ! میں اُسے قیامت کی پیاس بجھانےکے لیے پی رہا ہوں۔ (۲۲)
معلوم ہوا زمزم اُمتِ محمدیہ کو خداوندِ قدوس کی طرف سےوہ نعمتِ عظمی اور وہ گوہرِ نایاب دستیاب ہوا ہے کہ دنیوی اور اُخروی دونوں قسم کے مصائب اور مسائل سے نجات پانے کا نہایت ہی آسان اور سہل راستہ میسر ہوا ہے۔
زمزم پیتے وقت دعا کی قبولیت
دعا کی قبولیت بعض اوقات مکان کے ساتھ(۲۳) جبکہ بعض اوقات زمان کے ساتھ معلق ہوتی ہے، جیسے احادیث میں دو خطبوں کے درمیان (۲۴) اور بعض دوسری احادیث میں عصر اور مغرب کے درمیان کا ذکر ہے، (۲۵) جبکہ کچھ حدیثوں میں اذان(۲۶) اور اقامت کے درمیان دعا کی مقبولیت کا ذکر بھی آتا ہے۔ (۲۷)اسی طرح زمزم پیتے وقت بھی اگر دعا کی جائے تو اسرع بالقبولیت ہوتی ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما جب جب زمزم پیتے تھے تو یہ دعا پڑھتے تھے: ’’اللّٰہم إني أسئلک علمًا نافعاً ورزقاً واسعاً وشفاءً من کلّ داء ۔‘‘ (۲۸)
اسی طرح زمزمی نے ’’نشرالآس‘‘ میں ’’قرۃ العین‘‘ کے حوالے سے نقل کیا ہے کہ امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ نے اس لیے پیا کہ یااللہ! مجھے أعلم العلماء بنادیجئے۔ امام صاحب ؒ کی یہ دعا قبول ہوئی اور آپ اپنے زمانے کے أعلم العلماء بن گئے، فقہ میں جو ان کا مقام ہے وہ اہلِ علم و اہلِ حق پر عیاں ہے۔ امام شافعی ؒ نے فرمایا کہ: ’’الناس في الفقہ عیال علی أبي حنیفۃ۔‘‘ (۲۹)یعنی ’’لوگ فقہ میں امام ابوحنیفہ رحمۃ اللہ علیہ کی اولاد ہیں۔‘‘
اور اسی طرح کا واقعہ امام ذہبی رحمۃ اللہ علیہ نے بھی ذکر کیا ہے کہ حافظ ابن خزیمہؒ سے پوچھا گیا: آپ کو کہاں سے (اتنا زیادہ ) علم حاصل ہوا؟ انہوں نے جواب دیا کہ میں نے زمزم اس نیت سے پیا کہ اے اللہ! مجھے علم نافع عطافرمادیجئے۔ (۳۰)
زمزم تقویتِ قلب کے لیے پینا
زمزم کے اندر ذوالجلال نے یہ خاصیت بھی رکھی ہے کہ اس سے دل مضبوط ہوجاتا ہے اور دل کی گھبراہٹ ختم ہوجاتی ہے۔علامہ عراقی ؒ فرماتے ہیں کہ: رسول کا سینہ چاک کرکے اسے زمزم سے اسی لیے دھویا گیا، تاکہ اس کے اندر آسمان وزمین کے ملکوت اور جنت وجہنم کے دیکھنے کی قوت پیدا ہوجائے۔
زمزم پینے کا طریقہ
زمزم پینے کا طریقہ یہ ہے کہ بسم اللہ پڑھ کر تین سانس میں قبلہ رو ہوکر پیا جائے اور خوب اچھی طرح سیراب ہوکر پیا جائے، جیسا کہ حضرت اب عباس رضی اللہ عنہما نے یہ طریقہ ایک شخص کو بتایا تھا: ’’إذا شربت من ماء زمزم، فاستقبل القبلۃ، واذکر اسم اللہ، وتنفس ثلاثًا، وتضلع منہا، فإذا فرغت، فاحمد اللہ عز وجل۔‘‘(۳۱) اور زمزم سیراب ہوکر نہ پینے کے بارے میں رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشادِ گرامی ہے: ’’إن آيۃ ما بيننا وبين المنافقين، إنہم لا يتضلعون من زمزم۔‘‘ کہ: ’’ہمارے اور منافقوں کے بارے فرق یہ ہے کہ وہ زمزم پیٹ بھر کر نہیں پیتے۔‘‘ (۳۲)
جہاں تک زمزم کھڑے ہوکر پینے کی بات ہے، جیسا کہ آج کل رواج ہوگیا ہے تو اس سلسلے میں فقہی تصریحات سے یہ مسئلہ معلوم ہوتا ہے کہ کھڑے ہوکر پینا مستحب نہیں ہے۔ البتہ عام پانی کی طرح اسے کھڑے کھڑے پینا مکروہ بھی نہیں ہے، بلکہ اسے کھڑے ہوکر پینا بلاکراہت جائز ہے، جیسے کہ ابن عابدین شامیؒ لکھتے ہیں:
’’ولعل الأوجہ عدم الکراہۃ إن لم نقل بالاستحباب لأن ماء زمزم شفاء وکذا فضل الوضوء۔‘‘ (۳۳)
خلاصۂ کلام
زمزم کو ادب واحترام سے پیا جائے، اس کے اندر پوشیدہ برکات سے استفادہ کیا جائے، یہ اللہ تعالیٰ کی طرف سے انسانوں کے لیے ایک بڑی نعمت ہے ۔ اس کی قدردانی کرنا اور اس کی حرمت کو پیشِ نظر رکھنا ایمانی فریضہ ہے، اسی لیے فقہاء نے لکھا ہے کہ ان کاموں میں یہ پانی استعما ل نہ کیا جائے جن سے اس کی توہین ہوتی ہے، مثلاً اس سے ناپاکی اور گندگی صاف کرنا یا اس سے استنجاء کرنا وغیرہ مکروہِ تحریمی ہے۔ (۳۴)
یہ پانی اللہ تعالیٰ کا دیا ہوا قیمتی تحفہ ہے، ہمیں اس کے اندر ودیعت کردہ فوائد سے خود کو قیمتی بنانا چاہیے۔ اللہ تعالیٰ ہم کو اس متبرک پانی سے خوب خوب سیراب ہونا نصیب فرمائے، آمین، ثم آمین۔
حوالہ جا ت
۱: صحيح مسلم: ۴/ ۱۹۱۹، حديث:۲۴۷۳ ۲: مشارق الأنوار علی صحاح الآثار: ۱/ ۳۱۵
۳: مشارق الأنوار علی صحاح الآثار: ۱/ ۳۱۵ ۴: غريب الحديث لابن قتيبۃ: ۲/ ۵۰۲
۵: لسان العرب: ۱۲/ ۲۷۵ ۶: صحيح البخاري: ۴/ ۱۴۲
۷: سنن الترمذي، ت: بشار: ۲/ ۲۸۷ حديث: ۹۶۳ ۸: صحيح مسلم: ۴/ ۱۹۱۹، حديث:۲۴۷۳
۹: مسند أحمد مخرجا: ۲۳/ ۱۴۰، حديث: ۱۴۸۴۹ ۱۰: سنن ابن ماجۃ: ۲/ ۱۰۱۸، حديث: ۳۰۶۲
۱۱: المستدرک علی الصحيحين للحاکم: ۱/ ۶۴۵، حديث: ۱۷۳۸
۱۲: السيرۃ النبويۃ لابن کثير: ۱/ ۱۷۳ ۱۳: بيہقي، ج: ۵، ص: ۲۰۲
۱۴: جمع الفوائد: ۱۳۶۸۱ ۱۵: دار قطني، ج: ۲، ص: ۲۸۹
۱۶: شفاء الغرام بأخبار البلد الحرام: ۱/ ۳۳۸ ۱۷: سورۃ الاسراء، الآيۃ: ۸۶
۱۸: سير أعلام النبلاء، ج:۱۱، ص: ۲۱۲ ۱۹: القرآن الکريم، سورۃ الفاتحۃ، الآيۃ: ۵
۲۰: زاد المعاد في ہدي خير العباد: ۴/ ۱۶۴ ۲۱: الجوہر المنظم، ص: ۶۲
۲۲: البيہقي في شعب الإيمان، رقم الحديث: ۴۱۲۸ ۲۳: الحصن الحصين للجزري ؒ، ط: عراس، ص: ۶۸
۲۴: سنن أبي داود، ت: الأرنؤوط: ۲/ ۲۸۲، رقم الحديث: ۱۰۴۹
۲۵: سنن الترمذي، ت: بشار: ۱/ ۶۱۹، رقم الحديث: ۴۹۱
۲۶:سنن النسائي، رقم الحديث: ۶۶۹، تحقيق: عبد الفتاح أبو غدۃ، مکتبۃ المطبوعات الإسلاميۃ بحلب، ج: ۲، ص:۲۶
۲۷:سنن الترمذي، ت:بشار، باب ماجاء في أن الدعاء لايرد بين الأذان والإقامۃ، رقم الحديث: ۲۱۲، ج:۱، ص: ۲۸۸
۲۸: الدارقطني في السنن الکبری، ج: ۲، ص: ۲۸۸ ۲۹: العبر في خبر من غبر: ۱/ ۱۶۴
۳۰: سير أعلام النبلاء، ط: الحديث: ۱۱/ ۲۲۸ ۳۱:مرعاۃ المفاتيح شرح مشکاۃ المصابيح: ۹/ ۴۷
۳۲: سنن ابن ماجۃ: ۲/ ۱۰۱۷ ۳۳: شامي، ج: ۱، ص: ۸۸
۳۴: شامي، ج: ۲، ص: ۲۸۶
زمزم کا پانی کھڑے ہوکر اس لیے پیا جاتا ہے کہ حضور صلی اللہ علیہ وسلم نے کھڑے ہوکر پیا، آپ صلی اللہ علیہ وسلم کی اقتداء میں لوگ بھی پیتے ہیں، عن ابن عباس أن النبي صلی اللہ علیہ وسلم شرب من زمزم وہو قائم۔ (ترمذی شریف) پانی تین سانس میں پینا چاہیے زمزم کا بھی یہی حکم ہے۔
اہل علم متفق ہیں کہ خصوصا حج اورعمرہ کرنے والے کے لیے ماء زمزم پینا مستحب ہے ، اورعمومی طورپرہرمسلمان کے لیے سب حالات میں زمزم پینا مستحب اورجائز ہے ، جیسا کہ صحیح حدیث میں وارد ہے کہ نبی مکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ماء زمزم پیا ۔ صحیح بخاری ( 3 / 492 ) ۔
اورابوذر رضي اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہيں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے ماء زمزم کے بارہ میں فرمایا :
( یہ بابرکت پانی اور کھانا والے کے لیے ایک کھانا ہے۔ ) صحیح مسلم ( 3/ 1922 ) ۔
اورایک روایت میں ہے کہ ( یہ بیماری کی شفا ہے ) الطیالسی حدیث نمبر ( 61 ) ۔
یعنی زمزم پینے سے کھانے کی ضرورت محسوس نہیں ہوتی اوربیماریوں سے شفا نصیب ہوتي ہے لیکن اس میں صدق و سچائ کارفرما ہے ، جیسا کہ ابوذررضي اللہ تعالی عنہ سے ثابت ہے کہ وہ مکہ مکرمہ میں ایک ماہ رہے اورصرف زمزم پرہی گزارا کیا اس کے علاوہ کوئ اورغذا استعمال نہیں کی ۔
اورعباس بن عبدالمطلب رضي اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہں کہ زمانہ جاہلیت میں لوگ زمزم کے بارہ میں ایک دوسرے سے سبقت لےجانے کی کوششش کرتے تھے ، حتی کہ اہل عیال والے لوگ اپنے سب اہل عیال کولاتے اوروہ زمزم دن کے ابتدائ حصہ میں نوش کرتے اورہم زمزم کواہل عیال کا ممد ومعاون شمارکرتے تھے ۔
عباس رضي اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں زمانہ جاہلیت میں زمزم کو شباعۃ ( پیٹ بھردینے والا ) کا نام دیا جاتا تھا ۔
علامہ الآبی رحمہ اللہ تعالی کہتے ہیں :
جب انہوں نے پیا تواللہ تعالی نے اسماعیل علیہ السلام اوران کی والدہ رضي اللہ تعالی عنہا کے لیے کھانا اور پینا بنادیا ۔
عبداللہ بن مبارک رحمہ اللہ تعالی عنہ جب زمزم کے پاس پہنچے توکہنے لگے :
اے اللہ مجھے مؤمل نے ابوزبیر عن جابررضي اللہ تعالی عنہ سے حدیث بیان کی ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
( ماء زمزم اسی لیے ہے جس کے لیے اسے نوش کیا جاۓ )
اے اللہ میں روزقیامت کی تشنگی دورکرنے کے لیے پی رہا ہوں ۔
دو فرشتوں نے بچپن میں نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا دل بھی اسی زمزم کے ساتھ دھویا اورپھراسے اپنی جگہ پرواپس رکھ دیا ، حافظ عراقی رحمہ اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہیں کہ :
نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا سینہ زمزم کے ساتھ دھونے میں حکمت یہ ہے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اس کے ساتھ آسمان وزمین اورجنت وجہنم دیکھنے کی لیے طاقت حاصل کرسکیں ، اس لیے کہ زمزم کی خصوصیت ہے کہ وہ دل کا طاقت پہنچاتا اورخوف کوختم کردیتا ہے ۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے شق صدراوراسے زمزم سے دھونے کا واقعہ ابوذررضي اللہ تعالی عنہ بیان کرتے ہوۓ کہتے ہیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا :
( میں مکہ میں تھا تومیرے گھرکی چھت کھولی گئ اورجبریل علیہ السلام اترے اورمیرا سینہ کھولا ، پھراسے زمزم سے دھویا ، پھرسونےکا ایک حمکت اورایمان سے بھراہوا طشت لاۓ اوراسے میرے سینہ میں انڈیل کرسینے کوبند کردیا ، پھرمیراہاتھ پکڑ کرآسمان دنیا پر لےگۓ ) صحیح بخاری ( 3/ 429 )۔
زمزم پینے میں سنت یہ ہے کہ پیٹ بھر کرپیا جاۓ حتی کہ کوکھیں باہر نکل آئيں اورتشنگی مکمل طور پرجاتی رہے ، فقھاء کرام نے زمزم پینے کے کچھ آداب بیان کیے ہیں جن میں قبلہ رخ ہونا ، بسم اللہ پڑھنا ، زمزم پیتے وقت تین سانس لینا ، پیٹ بھر کرپینا ، اورزمزم پی کرالحمدللہ کہنا ، بیٹھ کرپینا ۔
حضرت سیدنا عبد اللہ ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے، آپ فرماتے ہیں
سقيت رسول اللہ صلى اللہ عليه وسلم من زمزم، فشرب وهو قائم
میں نے حضور جانِ عالم صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم کو آب زمزم پیش کیا تو آپ صلی اللہ علیہ واٰلہٖ وسلم نے کھڑے ہوکر اسے نوش فرمایا۔
[صحیح البخاری:1637]
تویہ حدیث جواز کا بیان ہے کہ کھڑے ہوکربھی پینا جائز ہے ، اورکھڑے ہوکر پینے والی حدیث کراہت پرمحمول ہے ، زمزم پینے والے کے لیے مستحب ہے کہ وہ زمزم اپنے سر چہرے اورسینہ وغیرہ پر ڈالے ، اورزمزم پیتے وقت کثرت سے دعا کرے ، اوراپنے دنیاوی اوراخروی معاملات کے لیے پی سکتا ہے ۔
اس لیے کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم کا فرمان ہے :
( زمزم اسی چیزکے لیے ہے جس کے لیے اسے نوش کیا جاۓ ) سنن ابن ماجہ ( 2 / 1018 ) اوردیکھیں المقاصد الحسنۃ للسخاوی ص ( 359 ) ۔
اورابن عباس رضي اللہ تعالی عنہما سے مروی ہے کہ جب وہ زمزم پیتے تویہ دعا پڑھتے : ( اللهم إني أسألك علماً نافعاً ، ورزقاً واسعاً وشفاء من كل داء ) اے اللہ میں علم نافع اوررزق کی کشادگي اورہربیماری سے شفا کا سوال کرتا ہوں ۔
اوردینوری نے حمیدی رحمہ اللہ تعالی سے بیا ن کیا ہے کہ :
حمیدی رحمہ اللہ تعالی عنہ کہتے ہیں کہ ہم سفیان بن عیینہ کے پاس تھے توانہوں نے ہیں یہ حدیث بیان کی کہ زمزم اسی چیز کےلیے ہے جس کے لیے وہ نوش کیا جاۓ ، تومجلس سے ایک شخص اٹھ کرچلا گيا اورپھر واپس آکر کہنے لگا اے ابومحمد کیا وہ حدیث جوآّپ نے زمزم کے بارہ میں بیان کی وہ صحیح نہیں ؟
توانہوں نے جواب دیا جی ہاں ، وہ شخص کہنے لگا : تو میں ابھی زمزم کا ایک ڈول اس لیے پی کر آیا ہوں کہ آپ مجھے ایک سو حدیث بیان کریں توسفیان رحمہ اللہ تعالی کہنے لگے بیٹھ جاؤ بیٹھ جاؤ ، توانہوں نےاسے ایک سو حدیث بیان کیں ۔
اوربعض فقھاء نے زمزم کوبطور زاد راہ دوسرے ممالک لے جانا مستحب قرار دیا ہے اس لیے کہ اسے جوبھی بیماری سے شفا کے لیے پیۓ اسے شفا حاصل ہوتی ہے ، اورحدیث عائشہ رضي اللہ تعالی عنہ میں اس کا ثبوت ملتا ہے کہ انہوں نے بوتلوں میں زمزم بھرکے لائيں اورفرمانے لگيں نبی صلی اللہ علیہ وسلم بھی بھرکرلاتے اوربیماروں پرانڈیلتے اورانہيں پلاتے تھے ۔ سنن ترمذي ( 4 / 37 )۔
فقھاء اس پرمتفق ہیں کہ زمزم سے پاکیزگی حاصل کی جاسکتی ہے ، لیکن انہوں یہ کہا ہے کہ اس کا استعمال ایسی جگہوں پرنہیں کرنا چاہیے جہاں اہانت کا پہلو نکلتا ہو ، مثلا نجاست زائل کرنا وغیرہ ۔
علامہ بھوتی رحمہ اللہ تعالی نے اپنی کتاب : کشاف الفتاح میں ذکر کیا ہے کہ اوراسی طرح ( ماء زمزم کوصرف نجاست وغیرہ کوزائل کرنے میں استعمال کرنا ) اس کے شرف کی بناپرمکروہ ہے ، لیکن اس کا طہارت حدث کے استعمال میں استعمال مکروہ نہیں ۔
اس لیے کہ علی رضي اللہ تعالی عنہ کا قول ہے کہ :
پھرنبی صلی اللہ علیہ وسلم وہاں سے چلے اورزمزم کا ایک ڈول منگوا کراس سے وضو کیا اورپیا ۔
اسے عبداللہ بن احمد رحمہ اللہ تعالی نے صحیح سند کے ساتھ روایت کیا ہے ۔ انتھی ۔ دیکھیں نیل الاوطار کتاب الطہارۃ باب طھوریۃ ماء البحر ۔
حافظ سخاوی رحمہ اللہ تعالی نے المقاصد الحسنۃ میں کچھ اس طرح کہا ہے کہ :
بعض لوگ یہ ذکرکرتے ہیں کہ زمزم کی فضيلت صرف اس وقت تک ہے جب تک وہ اپنی جگہ ( یعنی مکہ ) میں ہو اوراگر اسے کسی اور جگہ منتقل کرلیا جاۓ تواس کی کچھ حقیقت اوراصل نہیں ۔
نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے سھیل بن عمرو رضي اللہ تعالی کی طرف خط لکھا کہ اگر میرا خط رات کوپہنچے توصبح سے قبل اوراگر دن کوپہنچے تورات ہونے سے قبل میری طرف زمزم روانہ کردو ، اسی خط میں ہے کہ انہوں نے دو مٹکے بھیجے ، اورنبی صلی اللہ علیہ وسلم اس وقت فتح مکہ سے قبل مدینہ میں تھے ۔
یہ حدیث شواھدکی بنا پر حسن درجہ کی ہے ، اوراسی طرح عائشہ رضي اللہ تعالی عنہا بھی زمزم لےجاتیں اوریہ بتاتیں تھیں کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم بھی یہ کام کرتے اورمشکیزوں اور مٹکوں میں زمزم بھرکرلےجاتے اوربیماروں اورمریضوں کوپلاتے اوران پرانڈیلتے تھے ۔
اورابن عباس رضي اللہ تعالی عنہما کے جب بھی کوئ مہمان آتا تووہ اسے زمزم کا تحفہ پیش کرتے ،اورعطاء رحمہ اللہ تعالی عنہ سے بھی زمزم لےجانے کے بارہ میں سوال کیا گیا توان کا جواب تھا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم اورحسن اورحسین رضي اللہ تعالی عنہما بھی اسے لے کرجاتے تھے ۔
واللہ اعلم .
زمزم کا پانی بابرکت پانی ہے، جس کی خصوصیت اور فضیلت کو شرعی نصوص نے تاکید سے بیان کیا ہے۔ حضرت ابو ذر غفاری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے اس پانی کے بارے میں فرمایاإِنَّهَا مُبَارَكَةٌ، إِنَّهَا طَعَامُ طُعْمٍ: "یہ بابرکت ہے، یہ کھانے کا کھانا ہے" (صحیح مسلم) ۔
قاضی عیاض رحمہ اللہ نے إکمال المعلم (جلد 7، ص 506-507، طبع دار الوفاء) میں فرمایا: "اس کا مطلب یہ ہے کہ اسے پینے والا کھانے سے بے نیاز ہو جاتا ہے، یعنی یہ کھانے کے قائم مقام ہے۔ اور "طُعْم" کا لفظ "طُعُوم" کی جمع بھی ہو سکتا ہے، یعنی یہ زیادہ پینے والے کو سیر کر دیتا ہے۔ اور یہ بھی کہا گیا کہ اس کا مطلب ہے: ایسا کھانا جو موٹاپا پیدا کرے۔ اس کے دیگر ناموں میں "شفاء السقم" (بیماری سے شفا دینے والی)، "مصونة" (محفوظ شدہ)، "برة" (نیکی والی)، "طيبة" (پاکیزہ) اور "شراب الأبرار" (نیکوکاروں کا مشروب) بھی شامل ہیں۔
اور اس کی برکتوں میں سے یہ ہے کہ یہ پانی پینے والے کو اسی مقصد میں نفع دیتا ہے جس کے لیے وہ اسے پیتا ہے۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وآلہ وسلم نے فرمایا: "زمزم کا پانی اسی مقصد کے لیے ہے جس کے لیے اسے پیا جائے؛ اگر تم اسے شفا کے لیے پیو تو اللہ تمہیں شفا عطا کرے گا، اگر تم اسے پناہ کے لیے پیو تو اللہ تمہیں پناہ دے گا، اور اگر تم اسے پیاس بجھانے کے لیے پیو تو وہ تمہاری پیاس بجھا دے گا۔" اسے امام حاکم نے المستدرک میں روایت کیا ہے، اور اسی مفہوم کے ساتھ امام ابن ماجہ اور امام احمد نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے بھی روایت کیا ہے۔
علامہ صاوی رحمہ اللہ "حاشیہ علی الشرح الصغیر" (جلد 2، صفحہ 44، طبع دار المعارف) میں فرماتے ہیں: ان کے قول "ماء زمزم لِما شُرِبَ لہ" کا مطلب یہ ہے کہ اچھی نیت کے ساتھ جو مقصد اپنے لیے یا کسی اور کے لیے رکھا جائے، وہ حاصل ہو جاتا ہے۔
اسی فضیلت کی وجہ سے علما نے زمزم کا زیادہ پینا مستحب قرار دیا ہے۔
امام خَرشی مالکی رحمہ اللہ "شرح مختصر خلیل" (جلد 2، صفحہ 330، طبع دار الفكر) میں فرماتے ہیں: (ص) اور زمزم کا زیادہ پینا، اور اس کو لے جانا — یعنی: جو شخص مکہ میں ہو، اس کے لیے مستحب ہے کہ وہ زمزم زیادہ پیے... اور پیتے وقت بکثرت دعا بھی زیادہ کرے، اور یہ کہے: "اللهم إني أسألك علمًا نافعًا، وشفاءً من كل داء" (اے اللہ! میں تجھ سے نفع دینے والا علم اور ہر بیماری سے شفا مانگتا ہوں)۔ "ماء زمزم لِما شُرِبَ لہ" کو متقدمین میں سے ابن عیینہ اور متاخرین میں سے حافظ دمیاطی نے صحیح قرار دیا ہے]۔
غیر پینے میں زمزم کے پانی کے استعمال کا حکم
جہاں تک زمزم کے پانی کو پینے کے علاوہ کسی اور کام میں استعمال کرنے کا تعلق ہے، تو یہ استعمال دو صورتوں سے خالی نہیں:
یا تو اس کا استعمال ایسے کام میں ہوگا جس میں پانی کی بے ادبی نہ ہو، جیسے وضو یا غسل؛
یا پھر ایسے کام میں ہوگا جس سے پانی کی بے ادبی ظاہر ہو، جیسے اس سے نجاست کو دھونا وغیرہ۔
پس اگر اس کا استعمال ایسے کام میں ہو جس میں پانی کی بے ادبی کا شائبہ نہ ہو، جیسے وضو اور غسل، تو جمہور فقہاء کے نزدیک اس کا استعمال بلا کراہت جائز ہے، بلکہ بعض فقہاء نے وضو اور غسل میں اس کے استعمال کو مستحب بھی قرار دیا ہے، جیسا کہ مالکیہ کا موقف ہے۔
امام طحطاوی حنفی نے حاشیة الطحطاوی على مراقي الفلاح (ص 21-22، ط. دار الكتب العلمية) میں فرمایا: فائدہ: ہمارے نزدیک زمزم کے پانی سے وضو اور غسل کرنا بلا کراہت جائز ہے بلکہ اس کا ثواب زیادہ ہے، اور لباب المناسک کے مصنف نے کتاب کے آخر میں تفصیل بیان کرتے ہوئے کہا ہے: اگر کوئی شخص طہارت کی حالت میں تبرک کے لیے زمزم کے پانی سے غسل یا وضو کرے تو یہ جائز ہے۔
اسی طرح امام خرشی مالکی نے شرح مختصر خلیل للخرشي (2/ 330) میں فرمایا: مکہ مکرمہ میں مقیم ہر شخص کے لیے مستحب ہے کہ وہ زمزم کا پانی کثرت سے پئے اور اس سے وضو اور غسل کرے جب تک وہ مکہ میں رہے۔
امام رویانی شافعی نے بحر المذهب (1/46، ط. دار الكتب العلمية) میں فرمایا: زمزم کے پانی سے وضو اور غسل کرنا مکروہ نہیں ہے۔
امام بہوتی حنبلی نے دقائق أولي النهى لشرح المنتهى (1/16، ط. عالم الكتب) میں فرمایا: حنبلی مذهب کے مطابق اس سے وضو یا غسل کرنا مکروہ نہیں ہے۔
اور اگر زمزم کے پانی کا استعمال ایسے کام میں کیا جائے جو اس کے احترام کے منافی ہو، جیسے نجاست دور کرنے میں، تو اس پانی کی تعظیم کی وجہ سے یہ استعمال مکروہ ہے، جیسا کہ فقہائے مذاہب نے صراحت کی ہے، بلکہ بعض نے اسے حرام بھی کہا ہے۔
امام ابن عابدین حنفی نے رد المحتار على الدر المختار (2/625، ط. دار الفكر) میں فرمایا: زمزم کے پانی سے استنجا کرنا مکروہ ہے، اسی طرح اپنے کپڑے یا بدن سے حقیقی نجاست کو دور کرنا بھی مکروہ ہے، بلکہ بعض علماء نے اس کو حرام قرار دیا ہے۔"
امام حطاب مالکی نے مواهب الجليل (1/48-49، ط. دار الفكر) میں فرمایا: میں نے ابن شعبان کا کلام ''الزاهي'' میں دیکھا ہے، اور اس کا متن کتاب الطہارة کے آغاز میں یوں ہے: زمزم کا پانی بیت الخلا میں استعمال نہ کیا جائے، نہ اسے کسی ناپاک چیز کے ساتھ ملایا جائے، نہ اس سے نجاست دور کی جائے، نہ حمام میں اس سے غسل کیا جائے۔ البتہ اگر وضو کے اعضاء ناپاک نہ ہوں تو اس سے وضو کرنے میں کوئی حرج نہیں، اسی طرح جنابت سے غسل کرنے میں بھی کوئی حرج نہیں جب جسم کے ظاہر پر کوئی گندگی نہ ہو، اور اگر دونوں شرمگاہیں طہارت پر ہوں تو ان پر لگنے میں بھی کوئی حرج نہیں۔ باب الحج میں کہا: اس سے وضو کیا جائے لیکن نجاست اس سے نہ دھوئی جائے۔ واللہ اعلم۔ میں نے اس مسئلے میں طویل کلام اس لیے کیا کہ اس بارے میں منقول اقوال میں اضطراب ہے، اس لیے اہلِ مذہب کے کلام سے جو بات واضح ہوئی، اسے بیان کرنا چاہا۔"
امام عدوی مالکی فرماتے ہیں "حاشیہ على كفاية الطالب الرباني" (1/160، دار الفكر): [ان کے قول ’’زمزم کے پانی سے وضو کرنے کی کراہت‘‘ کے بارے میں'التحقيق' میں کہا: یعنی اس لیے کہ یہ کھانا ہے، جیسا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: 'هو طعام' (یہ کھانا ہے)، لیکن معتمد قول اس کے خلاف ہے سوائے نجاست دور کرنے کے معاملے میں، کیونکہ اس پانی کی شان اس سے بلند ہے کہ اس کو نجاست دور کرنے میں استعمال کیا جائے، اگرچہ اگر استعمال کرلیا جائے تو طہارت حاصل ہوجائے گی۔ میں کہتا ہوں: اس کلام میں بحث ہے۔ اولًا: جیسا کہ پہلے بیان ہوچکا، ابن شعبان کا اختلاف صرف نجاست کے ازالے میں ہے، نہ کہ وضو یا غسل میں، بشرطیکہ اعضاء پاک ہوں اور ثانیًا: اس کے کھانا ہونے کا مقتضیٰ یہ ہے کہ یہ حرام ہو، نہ کہ صرف مکروہ، کیونکہ مطلقاً کراہت سے مراد کراہتِ تنزیہی ہوتی ہے۔
شیخ الاسلام زکریا الانصاری نے "أسنى المطالب في شرح روض الطالب" (1/9، ط. دار الكتاب الإسلامي) میں فرمایا: \[زمزم کا پانی وضو کے لیے (ممنوع) نہیں؛ کیونکہ اس کے بارے میں کوئی ممانعت ثابت نہیں، البتہ اس سے نجاست دور کرنا مکروہ ہے، جیسا کہ امام ماوردي نے کہا، اور رویانی وغیرہ نے صراحت کے ساتھ استنجاء کے بارے میں بھی یہی بات بیان کی ہے]۔
امام بہوتی حنبلی نے "کشاف القناع" (1/28، ط. عالم الكتب) میں فرمایا: [اسی طرح اس کی تعظیم و شرافت کے پیش نظر صرف نجاست کو دور کرنے میں زمزم کا پانی استعمال کرنا مکروہ ہے]۔
لہٰذا زمزم کا پانی نجاست دور کرنے میں استعمال نہیں کرنا چاہیے یہ حکم اس وقت ہے جب کوئی اور پانی موجود ہو۔ لیکن اگر دوسرا پانی نہ ہو اور نجاست کو دور کرنے کے لیے زمزم ہی متعین ہو جائے تو اس کے استعمال میں کوئی حرج نہیں، کیونکہ کراهت صرف اس وقت ہے جب حاجت نہ ہو۔ اور جب حاجت پائی جائے تو کراهت کا حکم ختم ہو جاتی ہے، جیسا کہ فقہاء نے وضاحت کی ہے۔ علامہ سفارینی نے "غذاء الألباب" (2/22، ط. مؤسسة قرطبة) میں فرمایا: \[کراهت ادنیٰ درجے کی حاجت سے بھی زائل ہو جاتی ہے]۔
خلاصہ
مذکورہ تفصیل کی روشنی میں، زمزم کے پانی کو پینے کے علاوہ ایسے کاموں میں استعمال کرنا جن میں اس پانی کی بے ادبی نہ ہو، جیسے وضو یا غسل، شرعًا جائز ہے اور اس میں کوئی حرج نہیں۔ البتہ ایسے کاموں میں اس کا استعمال جن میں پانی کی بے ادبی کا پہلو نکلتا ہو، مثلاً نجاست دور کرنے کے لیے استعمال کرنا، تو یہ مکروہ ہے اور اس سے اجتناب کرنا چاہیے۔ مگر جب اس کے علاوہ کوئی اور پانی موجود نہ ہو۔ ایسی ضرورت کے وقت اس کا استعمال جائز ہے کیونکہ حاجت کراہت کے حکم کو ختم کر دیتی ہے۔
والله سبحانه وتعالى أعلم.
’’زمزم‘‘ وہ متبرک چشمہ ہے جو اللہ تبارک وتعالیٰ نے اپنی قدرت سے اس وقت ظاہر فرمایا جب حضرت ابراہیم خلیل اللہ علیہ السلام نے اللہ تعالیٰ کے حکم سے اپنے جگرگوشے اسماعیل علیہ الصلوٰۃ والسلام اور ان کی والدہ حضرت ہاجرہؓ کو اس جگہ قیام کرایا، اس سے قبل وہاں دور دور تک آبادی کا نام ونشان نہ تھا، اور نہ سیرابی کا کوئی انتظام تھا۔
ضروری توشہ ختم ہونے کے بعد حضرت ہاجرہ ؓبے قراری کے عالم میں اِدھر اُدھر سرگرداں تھیں، اور باربار صفا ومروہ کی پہاڑیوں پر چڑھ کر پانی تلاش کررہی تھیں، اچانک انہوں نے واپس آکر یہ حیرت انگیز منظر دیکھا کہ حضرت اسماعیل علیہ السلام کے بالکل قریب پانی کا چشمہ ابل رہا ہے، تو آپ نے فوراً وہاں منڈیر بنائی اور چلو میں لے کر پانی مشکیزہ میں بھرنا شروع کردیا، یہی زمزم کے چشمہ کا آغاز تھا۔
نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے فرمایا کہ: ’’اگر حضرت ہاجرہ رضی اللہ عنہا زمزم کو اپنے حال پر چھوڑدیتیں تو یہ ایک عظیم جاری چشمہ بن جاتا‘‘۔(بخاری شریف ۱؍۴۷۵)
زمزم کا چشمہ ظاہر ہونے کے بعد یمن کے قبیلہ جرہم کا ایک قافلہ وہاں پانی کے آثار دیکھ کر حضرت ہاجرہؓ کی اجازت سے قیام پذیر ہوا، اور ان لوگوں نے وہیں بود وباش اختیار کرلی، حضرت اسماعیل علیہ الصلوٰۃ والسلام کا رشتہ بھی انہیں لوگوں میں ہوا، اور اللہ نے ان کی اولاد میں برکت عطا فرمائی، صدیاں اسی میں بیت گئیں؛ تاآںکہ آنے والی نسلوں میں اختلاف وانتشار پیدا ہوا، اور بنوجرہم اور آس پاس کے قبائل میں لڑائیاں ہونے لگیں، اور اس لڑائی میں بنوجرہم نے مغلوب ہوکر مکہ معظمہ سے اپنے اصلی وطن ’’یمن‘‘ کی طرف منتقل ہونے کا ارادہ کیا، اور جاتے وقت کعبہ مشرفہ کی کچھ امانتوں اور حجر اسود کو زمزم کے کنویں میں ڈال کر اسے اس طرح پاٹ دیا کہ اوپر سے اس کے کچھ آثار نظر نہ آئیں۔ (تلخیص: الروض الانف ۲۱۴-۲۱۸)
اس کے بعد سالوں گذر گئے اور کسی کو زمزم کو تلاش کرنے کا خیال نہ آیا، تاآںکہ نبی اکرم علیہ الصلاۃ والسلام کے دادا خواجہ عبدالمطلب جو مکہ معظمہ کے بڑے سردار تھے، ان کو خواب میں زمزم کی جگہ کی نشان دہی کرائی گئی، چناںچہ ایک ہی موضوع کے خواب کئی دن لگاتار دیکھنے کی وجہ سے جب ان کو خواب کی سچائی کا یقین ہوگیا تو انہوں نے اپنے بیٹے حارث ابن عبدالمطلب کو لے کر خواب میں بیان کردہ علامت کے مطابق کھدائی شروع کی، تھوڑی ہی کھدائی کے بعد کنویں کے آثار نظر آئے، جسے دیکھتے ہی خواجہ عبدالمطلب نے نعرۂ تکبیر بلند کیا، یہ منظر دیکھ کر قریش کے دیگر لوگ خواجہ عبدالمطلب کے پاس آئے اور یہ کہنے لگے کہ یہ ہمارے مورثِ اعلیٰ حضرت اسماعیل علیہ السلام کا کنواں ہے، اس لئے اس میں ہم سب شرکت کا حق رکھتے ہیں، آپ اکیلے اس کے مالک نہیں ہیں، خواجہ عبدالمطلب نے فرمایا کہ: ’’یہ سعادت اللہ تعالیٰ نے خاص کر مجھے عطا فرمائی ہے، اس میں میں کسی دوسرے کو شریک نہیں کرسکتا‘‘، مگر قریش ان کی بات پر مطمئن نہ ہوئے، اور لڑائی پر آمادہ ہوگئے، تو خواجہ عبدالمطلب نے پیش کش کی کہ کسی کو فیصل مان کر اس کے مطابق عمل کرو، تو قریش نے ملک شام کی ایک کاہنہ کا نام لیا کہ اس کے سامنے مقدمہ پیش کیا جائے گا، اور وہ جس کو کہے گی زمزم کا کنواں اسی کو دے دیا جائے گا، چناںچہ اس پر اتفاق ہوگیا اور خواجہ عبدالمطلب اور قریش کے دیگر قبائل کے نمائندے سفر میں نکل پڑے۔ اتفاق یہ ہوا کہ راستہ میں خواجہ عبدالمطلب کے ساتھیوں کا پانی ختم ہوگیا اور پیاس کی شدت کی وجہ سے ہلاکت کی نوبت آگئی، ان لوگوں نے قریش کے دیگر خاندانوں کے نمائندوں سے پانی مانگا، مگر انہوں نے اپنی ضرورت کا عذر بتاکر انکار کردیا، خواجہ عبدالمطلب نے یہ صورتِ حال دیکھ کر اپنے ساتھیوں کو مشورہ دیا کہ ہر ایک آدمی ایک ایک قبر تیار کرے؛ تاکہ پیاس کی شدت کی وجہ سے ہم میں سے جس آدمی کا انتقال ہوتا رہے اسے دفن کیا جاتا رہے، چناںچہ ساتھیوں نے اس مشورہ کی تعمیل کی، اور پھر بیٹھ کر موت کا انتظار کرنے لگے؛ لیکن بعد میں خواجہ عبدالمطلب کو خیال آیا کہ ایسے ہاتھ پر ہاتھ رکھ کر مرنے سے کیا فائدہ؟ آگے سفر شروع کرنا چاہئے، ہوسکتا ہے اللہ پانی عطا فرمائیں، چناںچہ سب نے سفر کی تیاری شروع کی، اور جیسے ہی خواجہ عبدالمطلب نے اپنی اونٹنی کو کھڑا کیا، اچانک اس کے کُھر کے نیچے سے ایک میٹھے پانی کا چشمہ نمودار ہوا، جسے دیکھ کر بے اختیار سب ساتھیوں نے نعرۂ تکبیر بلند کیا، اور وہ پانی خود بھی پیا اور ساتھیوں کو بھی پلایا، اور دیگر قبائل کے نمائندوں کو بھی یہ کہہ کر مدعو کیا کہ: ’’آؤ یہ پانی اللہ تعالیٰ نے ہمیں عطا فرمایا ہے‘‘۔ یہ حال دیکھ کر قافلہ کے لوگ کہہ اٹھے کہ: ’’اب ہم زمزم کے بارے میں آپ سے کوئی جھگڑا نہ کریںگے؛ کیوںکہ جس اللہ نے اس جنگل میں آپ کو پانی عطا فرمایا ہے اسی اللہ نے آپ کو زمزم عطا کیا ہے‘‘، اور وہ سب لوگ وہیں سے واپس مکہ معظمہ آگئے اور کاہنہ کے پاس نہیں گئے۔ (تلخیص: دلائل النبوۃ ۹۳-۹۵، البدایہ والنہایہ ۶۴۶-۶۴۷، الروض الانف ۲۵۷-۲۶۴)
زمزم کے پانی کی خصوصیات
زمزم کا پانی اپنے اندر کئی خصوصیات رکھتا ہے: (۱) ایک خصوصیت یہ ہے کہ یہ پانی کتنا ہی خرچ کیا جائے کبھی کم نہیں ہوتا، بعض روایات میں ہے کہ ایک مرتبہ ایک حبشی شخص اس کنویں میں گرکر مرگیا تھا، جس کی وجہ سے کنویں کا سارا پانی نکالا گیا، تو یہ دیکھا گیا کہ حجر اسود کی طرف سے بہت تیز پانی آرہا ہے جس کو بمشکل تمام روکنے کی کوشش کی گئی لیکن پھربھی پانی رک نہیں پایا۔(سنن دارقطنی ۱؍۲۸)
آج یہ بات بالکل ظاہر ہے کہ روزانہ مشینوں کے ذریعہ لاکھوں گیلن روز اس سے پانی نکالاجاتا ہے، مگر الحمد للہ پانی کی آمد میں کوئی کمی نہیں آتی، اگر اتنا پانی کسی اور کنویں سے نکالاجائے تو دو دن میں سوکھ جائے۔
(۲) دوسری خصوصیت یہ ہے کہ اس پانی میں پیاس مٹانے کے ساتھ ساتھ بھوک مٹانے کی صلاحیت بھی پائی جاتی ہے، گویاکہ مائیت کے ساتھ غذائیت بھی ہے۔ صحیح روایت میں ہے کہ حضرت ابوذر غفاری رضی اللہ عنہ نے ایک مہینہ تک صرف زمزم کے پانی پر گزارا فرمایا، جس کی بنا پر ان کے بدن میں چربی چڑھ گئی۔(مستفاد مسلم شریف ۲؍۲۹۵)
(۳) تیسری خصوصیت یہ ہے کہ زمزم کے پانی کو اللہ تعالیٰ نے موجب شفا بھی بنایا ہے، ایک روایت میں نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
خَیْرُ مَائٍ عَلٰی وَجْہِ الْاَرْضِ مَائُ زَمْزَمَ، فِیْہِ طَعَامٌ مِنْ طُعْمٍ وَشِفَائٌ مِّنْ سُقْمٍ۔ (معجم کبیر طبراني حدیث: ۱۱۱۶۷ بحوالہ تاریخ مکۃ المکرمۃ ؍۷۸)
روئے زمین پر سب سے بہترین پانی آبِ زمزم ہے، یہ کھانے کے لئے خوراک بھی ہے اور بیماری سے شفا بھی ہے۔
حضرت عبد اللہ بن عباس رضی اللہ عنہما کی اور ایک روایت میں مروی ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا :
اَلْحُمّٰی مِنْ فَیْحِ جَہَنَّمَ فَاَبْرِدُوْہَا بِمَائِ زَمْزَمَ۔ (مسند أحمد ۱؍۲۹۱، تاریخ مکۃ مکرمۃ :۷۹)
بخار جہنم کی تپش سے ہوتا ہے لہٰذا اسے زمزم کے پانی سے ٹھنڈا کیا کرو۔
(۴) نیز فضائل کی بعض کتابوں میں منقول ہے کہ زمزم کے پانی کو دیکھنے سے بینائی میں اضافہ ہوتا ہے۔ (تاریخ مکہ مکرمہ :۶۸)
(۵) تجربہ سے یہ بات ثابت ہے کہ زمزم کا پانی عرصۂ دراز تک بغیر کسی تغیرکے محفوظ رہتا ہے، یہ اس پانی کی ایک اہم خصوصیت ہے، دنیا کا اور کوئی پانی اپنے اندر یہ صفت نہیں رکھتا۔(کتاب الفتاوی ۴؍۸۵)
آبِ زمزم کی فضیلت
آبِ زمزم دنیا کے تمام پانیوں میں سب سے افضل ہے، جس کی دلیل یہ ہے کہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کے ساتھ جب شق صدر کے واقعات پیش آئے تو آپ کے قلب اطہر کو ماء زمزم سے دھویا گیا۔ (صحیح بخاری حدیث: ۳۳۴۲، صحیح مسلم: حدیث: ۱۶۲)اگر زمزم کے علاوہ کوئی اور پانی اس سے افضل ہوتا تو یقینا اسی سے قلب اطہر کو دھویا جاتا۔
نیز ایک بڑا فائدہ آبِ زمزم کا یہ ہے کہ اسے جس نیت وارادہ سے پیا جائے گا اللہ تعالیٰ اس ارادہ کی تکمیل فرمائیں گے۔ چناںچہ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا ارشاد عالی ہے:
مَائْ زَمْزَمَ لِمَا شُرِبَ لَہٗ۔
(سنن ابن ماجہ حدیث: ۳۰۶۲)
یعنی زمزم کا پانی پیتے وقت اللہ تبارک وتعالیٰ سے جو حاجت مانگنے کا خیال جمایا جائے گا انشاء اللہ وہ مراد پوری ہوگی۔
منقول ہے کہ حضرت امام شافعیؒ نے زمزم پیتے وقت دو باتوں کی دعا فرمائی تھی ایک علم کی دوسرے تیراندازی کی، آپ کا علمی مقام تو دنیا کو معلوم ہی ہے۔ تیراندازی بھی آپ کی ایسی تھی کہ ۹۹ فیصدی نشانہ خطا نہ کرتا تھا۔ (تاریخ مکۃ المکرمۃ ؍۶۷،المکتبۃ الشاملۃ)
اور لاعلاج مریضوں کی زمزم کے ذریعہ بحکم خدا وندی شفایابی اور اصحابِ حاجات کی مرادیں پوری ہونے کے واقعات بکثرت تاریخ میں درج ہیں۔
اس لئے نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم کا یہ معمول مبارک نقل کیا گیا ہے کہ آپ زمزم کے پانی کو خصوصیت کے ساتھ اپنے ساتھ لے جاتے تھے، اور یہ بھی روایت ہے کہ آپ نے حضرات حسنین رضی اللہ عنہما کی تحنیک فرماتے ہوئے اس میں آبِ زمزم کو شامل کیا تھا۔ (شامی کراچی ۲؍۶۲۵، بحوالہ انوار مناسک ۳۹۹)
علاوہ ازیں بعض روایات سے یہ معلوم ہوتا ہے کہ زمزم کو ثواب کی نیت سے دیکھنا بھی عبادت ہے۔ (غنیۃ الناسک ؍۱۴۰، زبدۃ المناسک ؍۱۳۷)
اور بعض روایات میں یہ مضمون بھی وارد ہے کہ زمزم کو خوب جی بھرکر پینا نفاق سے برأت کی علامت ہے۔ نبی اکرم صلی اللہ علیہ وسلم نے ارشاد فرمایا:
اِنَّ اٰیَۃَ مَا بَیْنَنَا وَبَیْنَ الْمُنَافِقِیْنَ لاَیَتَضَلَّعُوْنَ مِنْ مَّائِ زَمْزَمَ۔ (البدایۃ والنہایۃ ۲؍۶۴۹)
ہمارے اور منافقوں کے درمیان امتیاز کی علامت یہ ہے کہ منافقین زمزم کا پانی جی بھرکر نہیں پیتے۔ (اس کے برخلاف مؤمنین مخلصین خوب سیراب ہوکر زمزم کا پانی پیتے ہیں)
موجودہ دور میں بئر زمزم کی صورتِ حال
چند سال پہلے تک زمزم کے کنویں تک پہنچنے کے لئے حجر اسود کے سامنے نیچے جانے کے راستے بنے ہوئے تھے، اور وہاں بڑی تعداد میں زمزم کی ٹونٹیاں لگی ہوئی تھیں، جن سے لوگ پانی لے کر استعمال کرتے تھے؛ لیکن اب کئی سالوں سے زمزم کے کنویں کو اوپر سے بالکل برابر کردیا گیا ہے، اور کنویں سے پانی برآمد کرنے کے لئے نہایت طاقت ور مشینیں لگادی گئی ہیں، جن کے ذریعہ ہر وقت پانی کھینچا جاتا ہے، اور پھر اسے ٹھنڈا کرنے والی مشینوں سے گزار کر نہ صرف حرم مکہ؛ بلکہ حرم نبوی کے گوشہ گوشہ میں بھی نہایت فراوانی سے مہیا کرانے کا انتظام ہے۔ نیز یہ پانی بڑی مقدار میں مکہ معظمہ کے علاقہ ’’کُدَی‘‘ میں ذخیرہ کرکے شائقین کو مفت سپلائی کیا جاتا ہے، اور حج کے زمانہ میں حجاج کی رہائشی بلڈنگوں پر پابندی سے پہنچایا جاتا ہے، اور ویسے بھی جابجا تقسیم ہوتا ہے، بلاشبہ سعودی حکومت کی خدمات اس معاملہ میں نہایت قابل قدر ہیں۔ فجزاہم اللّٰہ أحسن الجزاء۔
خلاصہ یہ کہ آبِ زمزم امت محمدیہ ؛ بلکہ پوری انسانیت کے لئے ایک عظیم قدرتی تحفہ ہے، اس سے برکت حاصل کرنا بجائے خود موجب رحمت ہے۔
ذیل میں آبِ زمزم کے بارے میں مختصر مسائل ذکر کئے جارہے ہیں:
آبِ زمزم پینے کے آداب
آبِ زمزم پیتے وقت درج ذیل آداب کا لحاظ رکھیں: (۱) اپنا رخ قبلہ کی طرف کرلیں (۲)اللہ کا ذکر کریں (۳) تین سانس میں پئیں (۴) خوب سیراب ہوکر پئیں (۵) پینے کے بعد اللہ تعالیٰ کا شکر بجالائیں۔ عن محمد بن عبدالرحمن بن ابی بکر ص قال: کنت عند ابن عباس رضی اللّٰہ عنہما جالساً فجاء ہ رجلٌ، فقال من این جئت، قال: من زمزم، قال: فشربت منہا کما ینبغی، قال: وکیف؟ قال: اذا شربت منہا فاستقبل القبلۃ واذکر اسم اللّٰہ وتنفس ثلاثاً وتضلع منہا فاذا فرغت فاحمد اللّٰہ عز وجل، فان رسول اللّٰہ ا قال: ان آیۃ ما بیینا وبین المنافقین انہم لا یتضلعون من زمزم۔ (سنن ابن ماجہ باب الشرب من زمزم حدیث: ۳۰۶۱، ’’قاموس الفقہ‘‘ مولانا خالد سیف اللہ رحمانی ۴؍۱۰۱)
آب زمزم پیتے وقت کی ایک ماثور دعا
مروی ہے کہ سیدنا حضرت عبد اللہ بن عباس ؓ آب زمزم پیتے وقت یہ دعا پڑھا کرتے تھے : ’’اَللّٰہُمَّ اِنِّيْ اَسْئَلُکَ عِلْماً نَافِعاً وَرِزْقاً وَاسِعاً وَشِفَائً مِنْ کُلِّ دَائٍ۔ (فتح القدیر ۳؍۵۰۶) ترجمہ: اے اللہ !میں آپ سے نفع بخش علم، وسعت والے رزق اور ہر بیماری سے شفاء کی درخواست کرتا ہوں۔
کیا آبِ زمزم کھڑے ہوکر پینا ضروری ہے؟
آبِ زمزم کو کھڑے ہوکر پینے کی اجازت ہے، لیکن یہ کوئی ضروری نہیں ہے، لہٰذا بیٹھ کر پینے میں بھی کوئی حرج نہیں ہے۔ (افادہ الشامی بحثا ۱؍۲۲۸-۲۲۹ مطلب فی مباحث الشرب قائما ۔بیروت)
آب زمزم سے وضو اور غسل
آپ زمزم سے وضو اور غسل بطور تبرک کرنا درست ہے، البتہ ناپاک چیز کو دھونے یا ناپاکی کو زائل کرنے کے لئے آبِ زمزم کا استعمال بہتر نہیں، اس لئے آب زمزم سے استنجاء کرنا اورجنبی اور محدث کا غسل کرنا اور کسی ناپاک چیز کو پاک کرنا مناسب نہیں ہے۔ ویجوز الاغتسال والتوضی بماء زمزم علی وجہ التبرک ولا یستعمل الا علی شیء طاہر، فلا ینبغی ان یغتسل بہ جنب او محدث ولا فی مکان نجس۔ (غنیۃ الناسک ۱۴۰، شامی بیروت ۴؍۴۶)
آبِ زمزم ساتھ لانا
مکہ مکرمہ سے آبِ زمزم ساتھ لانا مستحب ہے، اور یہ حرم مکہ کا سب سے قیمتی تحفہ ہے۔ ویستحب حملہ الی البلاد۔ (غنیۃ الناسک ۱۴۱)
آبِ زمزم مریض پر چھڑکنا
آبِ زمزم میں اللہ تبارک وتعالیٰ نے شفاء رکھی ہے، اس لئے مریض کو پلانا اور اس پر چھڑکنا اس کے لئے نافع ہے۔ ویصبہ علی المرضٰی ویسقیہم فانہ شفاء سقم، وانہ لما شرب لہ کما بسطہ فی الفتح۔ (غنیۃ الناسک ؍۱۴۱)
غیر مسلم کو آب زمزم پلانا
غیر مسلم شخص کو بھی آب زمزم پلانا درست ہے۔(مستفاد کتاب الفتاوی ۴؍۸۲) اس بارے میں کوئی ممانعت احقر کی نظر سے نہیں گذری۔(مرتب)
بعض مورخین کا کہنا ہے کہ حضرت اسماعیل علیہ السلام ابھی کم سن ہی تھے کہ حضرت سارہ رضی اللہ عنہا نے ان کی والدہ ہاجرہ کو از روئے غیرت گھر سے نکال دیا اور یہی صحیح روایت ہے ۔ اور جب سارہ رضی اللہ عنہا نے حضرت ابراہیم علیہ السلام سے فرمایا مجھے ہاجرہ کے ہمراہ ایک شہر میں مت رکھئے تو اللہ تعالیٰ جل جلالہ نے حضرت ابراہیم علیہ السلام حضرت اسماعیل اور ان کی والدہ حضرت ہاجرہ رضی اللہ عنہا کو مکہ میں زمزم کے مقام پر لا کر چھوڑ دیا ۔ پھر جب گزرنے لگے تو حضرت ہاجرہ رضی اللہ عنہا نے ان سے کہا اے ابراہیم ! کس نے آپ کو ہمیں ایسی سر زمین پر چھوڑنے کا حکم دیا ہے ۔ جو غیر ذی زرع ہے ۔ اور جس میں دودھ ، پانی ، اور کوئی توشہ موجود نہیں ہے اور نہ ہی کو ئی مونس ہے ؟ حضرت ابراہیم علیہ السلام نے فرمایا : مجھے میرے رب جل جلالہ نے حکم دیا ہے ۔ تو حضرت ہاجرہ رضی اللہ عنہا نے فرمایا کہ پھر تو وہ ہمیں ضائع نہ فرمائے گا پھر جب دور نکل گئے تو ارشاد فرمایا : ربنا انی اسکنت من ذریتی بواد غیر ذی زرع عند بیتک المحرم ربنا لیقیموا الصلوٰۃ فاجعل افئدۃ من الناس تہوی الیہم و ارزقہم من الثمرت لعلہم یشکرون (ابراہیم، ۱۴؍۳۷) پرور دگار میں نے ایک بے آب و گیاہ وادی میں اپنی اولاد کے ایک حصے کو لا بسایا ہے پرور دگار میں نے اس لئے کیا ہے کہ یہ لوگ یہاں نماز قائم کریں ۔ لہٰذا لوگوں کو ان کا مشتاق بنا ۔ اور انہیں کھانے کو پھل دے شاید کہ یہ شکر گزاربنیں ۔
پھر جب حضرت اسماعیل علیہ السلام کو پیاس لگی تو وہ مثل مذبوح اپنے قدم زمین پر پٹکنے لگے ۔ جب حضرت ہاجرہ رضی اللہ عنہا نے یہ منظر دیکھا تو دوڈ کر کوہِ صفا پر چڑھ گئیں تا کہ کوئی چیزنظر آجائے ۔ لیکن کوئی چیز نظر نہ آئی تو حضرت ہاجرہ وادی میں اتریں پھر دوڑ کر مروہ پر آگئیں اور کھڑی ہو کر بغور کوئی چیز دیکھنے لگیں ۔ لیکن کوئی چیز نظر نہ آئی تو ایسے ہی انہوں نے سات مرتبہ کیا اور یہی سعی صفا و مروہ کی بنیاد ہے ۔ پھر حضرت اسماعیل علیہ السلام کے پاس آئیں جب کہ آپ مضطربانہ اپنے قدم زمین پر پٹک رہے تھے اور چشمۂ زمزم ابل رہا تھا ۔ تو پانی جمع کرنے کے لئے زمین کریدنے لگیں اور جب پانی جمع ہو گیا تو سے لے کر اپنے مشک میں بھرنے لگیں ۔ راوی فرماتے ہیں کہ نبی کریم ا نے ارشاد فرمایا:’’ یرحمہا اللہ لو ترکتہا لکانت عینا سائحۃ‘‘ اللہ رب العزت حضرت ہاجرہ پر رحم و کرم کی بارش فرمائے اگر وہ زمزم کو اس کی حالت پر چھوڑ دیتیں تو وہ رواں دواں چشمہ ہوتا ۔ (الکامل فی التاریخ لابن اثیر ج؍۱ ، ص ؍ ۹۳)
اور بعض دیگر مورخین فرماتے ہیں کہ حضرت جبرئیل نے آب زمزم کا چشمہ جاری فرمایا ، کیوں کہ حضرت جبرئیل ہی حضرت ہاجرہ کے پاس اس وقت اترے تھے جب وہ وادی میں دوڑ رہی تھیں تو جب حضرت ہاجرہ نے حضرت جبرئیل کی آہٹ سنی تو فرمایا میں نے تیری آہٹ کو سن لیا ہے ۔ تو تو میری مدد کر کہ میں گرداب ہلاکت میں آگئی ہوں ۔ اور میرا بیٹا بھی ہلاکت کے دہانے پر جا پہونچا ہے چنانچہ حضرت جبرئیل ، حضرت ہاجرہ کو زمزم کے مقام پر لائے پھر اپنے قدم سے زمین پر ایک ضرب لگائی تو چشمہ ابل پڑا اور پھر حضرت ہاجرہ جلدی جلدی اس کا پانی اپنے مشک میں انڈیلنے لگیں تو حضرت جبرئیل نے ان سے کہا : پیاس کا خوف نہ کر (الکامل فی التاریخ ، لابن اثیر ، ج ۱ ، ص؍ ۹۴،)
زمزم کے نام : آب زمزم حیات افروز چشمۂ رواں ہے ۔ اور اللہ عز و جل کی نشانیوں میں سے ایک عظیم نشانی ہے اور جس طرح اللہ جل جلالہ اور اس کے پیارے محبوب محمد رسول اللہ ا کے بے شمار نام ہیں اسی طرح اس آب حیات کے بھی متعدد نام ہیں ۔ جو اس کی فضیلتوں اور عظمتوں کے آئینہ دار ہیں ۔ ہم انہیں زیب قرطاس کرتے ہیں ۔
فاکھی رحمۃ اللہ تعالیٰ علیہ نے فرمایا ہے کہ احمد بن محمد بن ابراہیم جن کا شمار شرفائے مکہ میں ہوتا ہے انہوں نے مجھے ایک کتاب دی تو میں نے ان کی کتاب میں سے کچھ حصہ انہیں لکھ بھیجا تو انہوں نے کہا کہ یہ زمزم کے نام ہیں جن سے اسے موسوم کیا جاتا ہے اور وہ درج ذیل ہیں
yزمزم yہزمۃ جبرئیل y سقیا اسماعیل y لا تنزف y لاتذم y برکۃ y سیدۃ y نافعہ y مضنونہ yعونہ y بشریٰ y صافیہy برۃ yعصمۃ y ساعۃ y میمونہ y مبارکۃ y کافیہ y عافیہ y مغذیہy طاہرہ y حرمۃ y مرویہ y مؤنۃ y طعام طعم y شفاء سقم ۔
اور فاکھی کے علاوہ بعض لوگوں نے مزید اسماء ذکر کئے ہیں جو حسب ذیل ہیں :
٭ طیبہ ٭ تکتم ٭ شبّاَعۃ العیال ٭ شراب الابرار ٭ قریۃ النمل ٭ نقرۃ الغراب ٭ الاعصم ٭ ہزمۃ اسماعیل ٭ حفرۃ العباس ۔ اس نام کا ذکر یاقوت نے المشترک میں کیا ہے ۔ ٭ ہمزۃ جبرئیل میم کی زاء پر تقدیم کے ساتھ۔ اس کا ذکر سہیل نے کیا ہے ۔ ٭ شباعہ ۔ اس کا اضافہ بِکری نے کیا ہے ۔ ٭ رکضۃ جبرئیل ٭ حضرۃ عبد المطلب ۔ یہ دو اسماء ابو عمر زاہد رحمۃ اللہ علیہ سے منقول ہیں (سبل الہدیٰ ج؍۱، ص؍۱۸۵)
زمزم کی وجہ تسمیہ : زمزم کی وجہ تسمیہ کے بارے میں علماء کا اختلاف ہے ۔ بعض فرماتے ہیں کہ زمزم کو زمزم اس کے پانی کے زیادہ ہونے کی وجہ سے کہا جاتا ہے ۔
اور علامہ ابو عبید البِکری فرماتے ہیں کہ بولا جاتا ہے :ماء زمزم و زمزام ‘‘یعنی بہت پانی اور ابن تیان کی کتاب الموعب میں ہے کہ ماء زمزم و زمزام یعنی کثیر پانی اور بعض حضرات کا قول ہے کہ زمزم کو زمزم اس کے پانی کے زمزمہ سنجی کی وجہ سے کہا جاتا ہے اور بعض حضرات فرماتے ہیں زمزم کو اس کے پانی کے جمع رہنے کی وجہ سے زمزم کہا جاتا ہے ۔ یہ قول ابن ہشام سے منقول ہے ۔
اور مجاہدرحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا ہے کہ :
زمزم کا نام زمزم اس وجہ سے پڑا کہ زمزم مشتق ہے الہزمۃ سے اور الہزمۃ کا معنیٰ ایڑی زمین پر مارنا ہے ۔ رواہ الفاکہی بسند صحیح (سبل الہدیٰ و الرشاد فی سیرۃ خیر العباد ، ج؍۱، ص؍۱۸۱)
لغات زمزم: زمزم میں مختلف لغتیں ہیں ۔ ٭ زَمْزَمْ ٭ زُمَزِّمْ ٭ زُمَزِمْ (ایضا ص؍۱۸۱)
احادیث فضائل زمزم : حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے فرماتے ہیں کہ رسول اللہ ا نے ارشاد فرمایا : روئے زمین پر بہترین پانی زمزم شریف کا پانی ہے ۔ جو سیر حاصل غذا اور بیماری کی شفا ہے ۔ (سبل الہدیٰ و الرشاد ، ج؍۱، ص؍ ۱۸۱۔ الترغیب و الترہیب ، ج؍۲، ص؍۱۶۶)
حضر ت ابو ذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے فرماتے ہیں رسول اللہ ا نے ارشاد فرمایا : زمزم سیر حاصل غذااور بیماری کی شفا ہے ۔ حضر ت ابو طفیل بہ روایت ابن عباس فرماتے ہیں کہ میں نے ابن عباس رضی اللہ عنہما کو فرماتے ہوئے سنا ہم (زمانۂ جاہلیت )میں زمزم کو شباعۃ (سیراب کرنے والا )کہا کرتے تھے اور اسے حاجتمند کا بہترین مدد گار پاتے تھے ۔
حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت ہے فرماتے ہیں : کہ اللہ کے رسول ا نے ارشاد فرمایا : زمزم کا پانی جس مقصد کے لئے پیا جائے وہی اس سے حاصل ہوتا ہے ۔ اگر تو حصول شفاکی خاطر پئے گا تو اللہ تعالیٰ تجھے شفا عطا فرمائے گا ۔ اور اگر شکم سیری کے لئے پئے گا تو اللہ تعالیٰ تجھے سکم سیر فرمائے گا ۔ اگر پیاس بجھانے کے لئے پئے گا تو اللہ تعالیٰ تیری پیاس بجھا دے گا ۔ اور زمزم حضرت جبرئیل علیہ السلام کی ایڑی سے برآمد ہونے والا کنواں ہے ۔ اور اللہ تعالیٰ کی طرف سے حضرت اسماعیل علیہ السلام کے لئے سقیا (سیرابی) ہے ۔(الترغیب و الترہیب ج؍۲ص؍۱۶۶، ۱۶۷ )
حضرت ابن عباس رضی اللہ تعالیٰ عنہما نے ارشاد فرمایا : اشربوا من شراب الابرار ۔ نیکوں کاروں کا مشروب زمزم پیو ۔
اور یہ بھی ارشاد فرمایا : کان رسول اللہ اذا اراد ان یتحف بتحفۃ سقاہ من ماء زمزم ۔ رسول اللہ ا جب کسی آدمی کو تحفہ سے نوازنا چاہتے تو اسے آب زمزم پلاتے ۔
اور عباد بن عبد اللہ بن زبیر رضی اللہ عنہم نے ارشاد فرمایا : جب امیر معاویہ نے حج ادا فرمایا ، ہم نے بھی ان کے ہمراہ فریضۂ حج ادا کیا ۔ اور جب انہوں نے حج بیت اللہ کیا دو رکعت نماز مقام ابراہیم پر ادا فرمائی پھر کوہ صفاکے پاس تشریف لے جاتے ہوئے جب چاہ زمزم سے گزرے تو ارشاد فرمایا : ا نزع لی منہا دلوا یا غلام قال فنزع لہ منہا دلوا فاتیٰ بہ فشرب و صب علیٰ وجہہ و راسہ وہو یقول زمزم شفاء وہی لما شرب لہ ‘‘اے غلام میرے لئے چاہ زمزم سے ایک ڈول بھر کر آب زمزم نکال لائو ، عباد بن عبد اللہ فرماتے ہیں ۔ تو غلام نے اس سے ایک ڈول آب زمزم نکالا اور آپ کے پاس لے آیا ۔ پھر آپ نے آب زمزم نوش فرمایا ۔ اور یہ کہتے ہوئے اپنے چہرے پر انڈیل لیا ۔ زمزم شفاء وہی لما شرب لہ ۔ آب زمزم میں شفاء ہے اور اس سے ہر وہ مراد بر آتی ہے جس کے لئے اسے نوش کیا جائے ۔ (سبل الہدیٰ و الرشاد ، ج؍۱، ص؍ ۱۸۲)
حدیث پاک’’ ماء زمزم لما شرب لہ ‘‘یعنی آب زمزم سے وہی مقصد پورا ہوتا ہے جس کے لئے اسے نوش کیا جائے۔ کا اکابرین امت کی ایک جماعت نے تجربہ کیا ہے اور اسے صحیح پایا ہے ۔ قد صح عن جماعتہ من الائمہ انھم جربوا ھذا الحدیث فوجدوہ صحیحا سبل الھدی و الرشاد ص۱۸۳ ازمحمد بن یوسف الصالحی متوفی ۹۴۲
آب زمزم کی منتقلی ۔ بعض لوگ کہتے ہیں کہ آب زمزم کی فضیلت اسی وقت تک ہے جب تک وہ اپنی جگہ پر ہو تو جب منتقل ہو جائے بدل جاتا ہے صاحب در المقاصد الحسنہ نے یہی کہا ہے حالانکہ ـیہ بے سر و پا بات ہے ۔ کیوں کہ نبیٔ کریم ﷺ نے حضرت سہیل بن عمر کے پاس خط لکھا : ان جاء ک کتابی لیلا فلا تصبحن او نہارا فلا تمسین حتی تبعث الیَّ بماء زمزم ۔ اگر میرا پیغام تمہیں رات کو پہونچے تو صبح نہ کرو یا دن کو پہونچے تو رات نہ کرو یہاں تک کہ تم میرے پاس آب زمزم بھیج دو ۔ اس حدیث پاک میں محل استشہاد یہ ہے کہ حضرت سہیل بن عمرو نے نبیٔ کریم ﷺ کے لئے دو مشکیزہ آب زمزم اس وقت بھیجا جب آپ مدینہ طیبہ میں تھے ۔ اور مکہ فتح نہیں ہوا تھا یہ حدیث شواہد کی وجہ سے حسن ہے ۔ (سبل الہدیٰ و الرشاد ج؍۱ ، ص؍۱۸۳، از : محمد بن یوسف صالحی شامی مطبوعہ : داع الکتب العلمیہ ، بیروت )
اگر آب زمزم ایک جگہ سے دوسری جگہ منتقل ہونے سے زمزم نہ رہتا یا اس کی فضیلت میں کوئی کمی واقع ہوتی تو رسول کریم ﷺ حضرت سہیل بن عمرو کو اس کی منتقلی کا حکم اتنی تاکید کے ساتھ کیوں دیتے ۔ جب کہ ہرشے کا ظاہر و باطن آپ پر روشن ہے ۔ اور تمام اسرار غیبیہ آپ پر آشکار ہیں ۔ آپ آمر بھی ہیں اور ناہی بھی ۔ آپ بندوں کو ان اعمال کو کرنے کی ترغیب دیتے ہیں جن سے دنیا میں بھی سرخروئی حاصل ہو اور آخرت میں بھی اعزازات و مناصب حاصل ہوں ۔ اوران اعمال کے کرنے سے روکتے ہیں جن سے دین و دنیا کا کوئی فائدہ وابستہ نہ ہو ۔ بلکہ دونوں جگہوں پر ذلت و نکبت کا طوق زیب گلو ہو ۔
نیز آب زمزم کے منتقل ہونے کے جواز پرائمۂ اربعہ رضی اللہ عنہم کا اتفاق کیوں کر ہوتا؟ علامہ محمد بن یوسف الصالحی الشامی رقم طراز ہیں : یجوز نقل ماء زمزم باتفاق الائمۃ الاربعۃ بل ہو مستحب عند الشافعیۃ و المالکیۃ والفرق عند الشافعیۃ بینہ و بین حجارۃ الحرم فی عدم جواز نقلہا و جوا ز نقل ماء زمزم ان الماء لیس شئیا یزول فلا یعود اشار الی ہذا الفرق الامام الشافعی ، کما حکاہ عنہ البیہقی (سبل الہدیٰ و الرشاد ، ج؍۱، ص؍۱۸۳)
آب زمزم کا منتقل کرنا باتفاق ائمۂ اربعہ جائز ہے ۔ بلکہ شافعیوں اور مالکیوں کے نزدیک مستحب ہے ۔ شافعیہ کے نزدیک آب زمزم اور حرم کے پتھر کے درمیان فرق یہ ہے کہ مؤخر الذکر کو منتقل کرنا جائز نہیں ۔ جب کہ آب زمزم کی منتقلی جائز ہے ۔کیوں کہ پانی کوئی ایسی چیز نہیں جو زائل ہو جاتی ہو اور لوٹائی نہ جاتی ہو ۔ امام شافعی نے بھی اس فرق کی طرف اشارہ فرمایا ۔ جیسا کہ بیہقی نے ان سے روایت کیا ہے ۔
ان عبارات کی روشنی میں یہ بات روشن ہو گئی کہ آب زمزم بعد انتقال بدلتا نہیں ۔ اور نہ ہی اس کی فضیلت میں کوئی کمی واقع ہوتی ہے بلکہ جس طرح زمزم نوشی اس کے اپنے جائے وقوع پر مفید و صحت بخش اور باعث اجر و ثواب ہے ۔ یوں ہی انتقال کے بعد بھی وہ ان خصائص و فوائد سے بھر پور ہے ۔
خواص زمزم اقوال اکابرین کی روشنی میں
٭بخار کو ختم کرتا ہے ۔ اس بارے میں نبی کریم ﷺ کا فرمان ہے جیسا کہ سنن نسائی میں ابن عباس رضی اللہ عنہ سے حدیث مروی ہے ۔٭ درد سر دور کرتا ہے ۔ یہ ضحاک رحمۃ اللہ علیہ کا قول ہے ۔ ٭ آب زمزم قیامت آنے سے پیش تر خشک نہیں ہو گا ۔ اور نہ ہی زمین کی گہرائیوں میں اترے گا ۔ جب تمام پانی خشک ہو جائیں یا زیر زمین سما جائیں ۔ یہ قول بھی ضحاک رحمۃ اللہ علیہ کا ہے ۔ ٭ شرعی اور طبی نقطۂ نظر سے تمام روئے زمین کے پانیوں سے آب زمزم افضل و برتر ہے ۔ علامہ بدر الدین بن صامت رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں : میں نے آب زمزم کا مکہ کے چشمے کے پانی سے موازنہ کیا تو میں نے آب زمزم کو چشمہ کے پانی سے چوگنا وزنی پایا ۔ پھر میں نے آب زمزم کو طب کے ترازو پر تولا تو اسے طب و شرع دونوںکی رو سے دنیا کے تمام پانیوں سے افضل پایا ۔ اور شیخ الاسلام علامہ بلقینی رحمۃ اللہ علیہ نے تو یہاں تک فرمایا کہ آب زمزم آب کوثر سے بھی افضل ہے ۔ ٭ آب زمزم ۱۵؍ویں شعبان کو شیریں اور خوش گوار ہو جاتا ہے ۔ ابن حاج نے’’ مناسک میں ‘‘ مکی بن ابو طالب سے نقلکرتے ہوئے اس کا ذکر کیا ہے : وہ فرماتے ہیں کہ شیخ مکی بن ابو طالب رحمۃ اللہ علیہ نے فرمایا :
پندرہویں شعبان کو آب زمزم شیریں اور خوش ذائقہ ہو جاتا ہے ۔ اہل مکہ کہتے ہیں کہ سلوان چشمہ اس رات آب زمزم سے مل جاتا ہے ۔ اور اس رات پانی لینے پر خوب مال و دولت صرف کیا جاتا ہے اور قیامت کی بھیڑ بھاڑ ہوتی ہے ۔ تو لوگوں میں جو بلند مرتبہ اور شرف و فضل والا ہوتا ہے وہی اس رات اس جام شیریں تک پہونچتاہے ۔
شیخ مکی بن ابو طالب رحمۃ اللہ علیہ فرماتے ہیں ۔ ’’ عانیت ذلک ثلث سنین ‘‘ میں نے تین سال تک یہ مشقت برداشت کی ہے ۔
٭ ہر سال پندرہویں شعبان کو زمزم کا پانی اس طرح بڑھ جاتا ہے کہ زمزم کے کنویں سے بھی بہنے لگتا ہے ۔ جیساکہ بعض حضرات کا قول ہے لیکن عارفین ہی اس کا مشاہدہ کر سکتے ہیں اور شیخ صالح ابو الحسن معروف بہ ’’بکر باج‘‘ رحمۃ اللہ علیہ نے اس کا مشاہدہ کیا ہے ۔ ٭ چاہ زمزم میں جھانکنا آنکھ کی روشنی بڑھاتا ہے ۔ یہ ضحاک کا قول ہے ۔ ٭آب زمزم گناہوں اور پاپوں کو مٹاتا ہے ۔ اس کا ذکر ابوالحسن محمد بن مرزوق زعفرانی شافعی رحمۃ اللہ علیہ نے ’’مناسک ‘‘ میں کیا ہے ۔ اور ازرقی نے حضرت مکحول سے مرسلا روایت کیا ہے کہ رسول اکرم ا نے ارشاد فرمایا ’’النظر فی زمزم عبادۃ وہی تحط الخطایا ‘‘ زمزم کی طرف نظر کرنا عبادت ہے اور زمزم گناہوں کو ختم کرتا ہے ۔٭ اللہ تعالیٰ جل جلالہ نے آب زمزم کو نمکینیت کی خصوصیت عطا فرمائی تاکہ ایمانی نمکینیت اس کو نوش کرنے پر ٓمادہ کرے اگر اللہ جل جلالہ اسے خوب شیریں بنا دیتا تو انسان کی فطری عادت اس پر غالب آجاری اور اسی سیالو العلا معری کے اس قول کی تردیدی کی جاتی ہے ۔
لک الحمد امواہ البلاد باسرہا عذاب و خصت الملوحۃ زمزم
تیرے لئے حمد ہے (اس بات پر کہ )تمام شہروں کے پانی میٹھے ہیں اور زمزم کی خاصیت کھارا ہونا ہے ۔ ٭ جو شخص تین لپ آب زمزم اپنے سر پر ڈال لے وہ کبھی ذلیل نہیں ہو گا ۔ (سبل الہدیٰ و الرشاد ، ج؍۱ ، ص؍ ۱۸۴، ۱۸۵)
زمزم کے فوائد اطباء کی تحقیقات و تجربات کی روشنی میں
آب زمزم وہ آب حیات ہے جو حاصل شفا اور دافع بلا ہے اس سے جہاں سرطان ، ذیابیطس ، بلڈ پریسر اور تیزابیت اور بد ہضمی جیسی بیماریاں ختم ہوتی ہیں ۔ وہیں حافظہ کو قوت ملتی ہے ۔ اگر اس کے قطرات آنکھوں میں ڈالے جائیں تو جملہ امراض چشم سے خلاصی حاصل ہوتی ہے ۔ اور بینائی میں اضافہ ہوتا ہے ۔ اور یہ مبالغہ آرائی و لفاظی نہیں بلکہ ہزارہا اطباء کا آزمودہ اکسیری نسخہ ہے ۔ یہ ہیں ڈاکٹر غلام رسول قریشی جنہوں نے اپنی ذاتی لبارٹری میں آ ب زمزم کا تفصیلی تجزیہ کیا ہے ۔ ڈاکٹر خالد غزنوی نے ان کا تعارف کراتے ہوئے ان کے اس تجزیہ کے حوالے سے آب زمزم میں پائے جانے والے کیمیاوی عناصر کا ذکر ان لفظوں میں کیا ہے ۔
’’ڈاکٹر غلام رسول قریشی لاہوری جو کنگ ایڈورڈ میڈیکل کالج میں علم الامراض کے پروفیسر ہیں ، انہوں نے آب زمزم کا تفصیلی تجزیہ اپنی ذاتی لبارٹری میں کیا ہے ۔ ان کے مشاہدات کے مطابق آب زمزم میں دیگر کیمیاوی عناصر کے علاوہ فولاد ، مگنیز ، جست اور وافر مقدار میں گندھک اور آکسیجن سے مرکب سلفیٹ اور سوڈیم ملتے ہیں ۔ پروفیسر قریشی صاحب کا کہنا ہے کہ ان کیمیاوی عناصر کے کافی مقدار میں آب زمزم میں پائے جانے کی وجہ سے آب زمزم خون کی کمی کو دور کرتا ہے ، دماغ کو تیز کرتا ہے اور ہاضمہ کی اصلاح کرتا ہے ۔(طب نبوی اور جدید سائنس ج؍۲، ص؍۴۵)
اور ڈاکٹر خالد غزنوی آب زمزم سے شفا یابی کا ایک مشاہداتی واقعہ حرم شریف کے ایک خادم کے حوالے سے بیان کرتے ہوئے لکھتے ہیں کہ : ’’ حرم شریف کے ایک خادم نے ہمیں بتایا کہ اس نے کینسر کے ایک مریض کو دیکھا جو جاں بلب تھا ۔ لوگ اسے اٹھا کر نماز کے وقت مسجدمیں لاتے تھے وہ روزانہ زمزم کا پانی پیتا اور اسی پانی کو اپنی رسولیوں پر ڈال کر دن بھر کے لئے مزید پانی ہمراہ لے جاتا ۔ چند دن بعد وہ شخص اپنے پیروں سے چل کر آنا شروع ہوا اور پھر پوری طرح تندرست ہو گیا ۔ ‘‘
موصوف اپنے ذاتی مشاہدات بیان کرتے ہوئے مزید لکھتے ہیں : ’’ یہ ہمارا ذاتی مشاہدہ ہے کہ ذیابیطس کا جو بھی مریض حج کرنے گیا اور اس نے باقاعدگی سے زمزم پیا اس کے خون اور پیشاب سے شکر ختم ہو گئی جتنی دیر وہ حجاز مقدس میں رہا اسے انسولین لینے کی ضرورت نہیں پڑی ‘‘مشاہدات کا سلسلہ بیان جاری رکھتے ہوئے لکھتے ہیں : ’’ اسی قسم کا ہمارامشاہدہ بلڈ پریشر کے بارے میں ہے ۔ حج کے دوران بلڈپریشر کے کسی مریض کو کبھی کسی دوائی کی ضرورت نہیں پڑی ۔ زمزم پینے کے بعد پیٹ کی گرانی فوراً ختم ہو جاتی ہے ۔ تیزابیت جاتی رہتی ہے ۔ اور بھوک باقاعدگی سے لگنے لگتی ہے ۔ باقاعدگی سے زمزم پینے کے بعد حافظہ بہتر ہو جاتا ہے ۔ (طب نبوی اور جدید سائنس، ج؍۱، ص؍ ۵۰)







No comments:
Post a Comment